پاکستان تحریک انصاف (پی ٹی آئی) کے سربراہ اور سابق وزیراعظم عمران خان کی قانونی ٹیم میں شامل سینئر وکیل لطیف کھوسہ جمعے کو دیگر وکلاء کے ساتھ اسلام آباد ہائی کورٹ کی لفٹ میں پھنس گئے۔
اسلام آباد ہائیکورٹ میں توشہ خانہ کیس میں عمران خان کی سزا کے خلاف درخواست کی سماعت میں شرکت کے بعد لطیف کھوسہ باہر جارہے تھے۔ ان کے ہمراہ 20وکلاء بھی موجود تھے، اسی اثناء میں لفٹ چلتے چلتے رُک گئی۔
وکلاء کی بڑی تعداد لفٹ کے باہر جمع ہوگئی اور لطیف کھوسہ کو باہر نکالنے کا کوئی فوری راستہ نہ ملنے پر تشویش کا اظہار کیا۔ ان کا کہنا تھا کہ لفٹ میں کوئی ایئرکنڈیشنر یا پنکھا نہیں تھا۔
ریسکیو اہلکاروں کو بلایا گیا جنہوں نے لفٹ کا دروازہ توڑا اور لطیف کھوسہ سمیت سب کو باہر نکالا، جو تقریباً 40 منٹ تک وہاں پھنسے رہے۔
مزید پڑھیں:چیئرمین پی ٹی آئی کی سزا معطلی کی درخواست پر سماعت 28 اگست تک ملتوی
لطیف کھوسہ نے باہر آنے کے بعد برہمی کا اظہار کیا اور کہا کہ اگر مجھے کچھ ہوبھی جاتا تو میرا کالاکوٹ زندہ رہتا۔
گوگل نیوز پر ہمیں فالو کریں








