ڈرامہ سیریل ہم تم سے شہرت حاصل کرنے والی چائلڈ اسٹار عینا آصف ان دنوں ایک اہم سماجی مسائل کے گرد گھومتے ڈرامے ’مائی ری‘ میں نظر آرہی ہیں۔
عینا آصف نے ’مائی ری‘ میں عینی نامی نوعمر لڑکی کا کردار ادا کیا ہے، جس کی دوران تعلیم شادی کردی جاتی ہے۔
’مائی ری‘ کی کہانی چائلڈ میریج کے مسئلے کے گرد گھومتی ہے اور اس میں نعمان اعجاز، ماریہ واسطی اور مایا علی سمیت دیگر اہم اداکاروں نے بھی کردار ادا کیے ہیں۔
ڈرامے کو جہاں اہم سماجی مسائل کو اجاگر کرنے پر پذیرائی مل رہی ہے وہیں کچھ حلقوں کی جانب سے چائلڈ میرج دکھانے پر اسے تنقید کا نشانہ بھی بنایا جارہا ہے۔
حال ہی میں ڈرامے کی مرکزی اداکارہ عینا آصف نے ایک پروگرام میں شرکت کے دوران اس حوالے سے گفتگو کی، انہوں نے کہا کہ ڈرامے کا مقصد صرف کم عمر بچوں کی شادیاں دکھانا نہیں تھا بلکہ درحقیقت اس مسئلے کو اجاگر کرنا تھا اور لوگوں میں آگاہی پھیلانا تھا۔
انہوں نے یہ بھی کہا کہ ڈرامے کی کہانی جیسے جیسے آگے بڑھتی جائے گی ویسے ویسے اس میں عینی اور فاخر (کم عمر شادی شدہ جوڑا) کی جدوجہد اور مسائل کو دکھایا جائے گا اور ڈرامے میں کم عمری کی شادی کے فوائد اور نقصانات پر روشنی ڈالی جائے گی۔
پروگرام میں عینی اور فاخر کے دوستانہ رویے کے حوالےسے انہوں نے کہا کہ دونوں کے درمیان دوستانہ رویہ کے پیچھے محبت نہیں ہے چونکہ وہ ایک دوسرے کزن ہیں اسی لئے وہ آپس میں اچھے دوست بھی ہیں۔
گوگل نیوز پر ہمیں فالو کریں








