علمائے کرام کی آئی جی سندھ رفعت مختار راجہ سے ملاقات

تازہ ترین

تازہ ترین

مجلس علمائے کراچی کے صدر اور رئیس جامعہ اسلامیہ مخزن العلوم، ممتاز دینی اسکالر مولانا ڈاکٹر قاسم محمود ایڈوکیٹ کی قیادت میں مجلس علمائے کراچی کے وفد نے آئی جی سندھ رفعت مختار راجہ سے ان کے آفس میں ملاقات کی۔

اس موقع پر ان کے ہمراہ معروف سماجی شخصیت مولانا محمد برکی اور مختلف مکاتب فکر کے علمائے کرام بھی موجود تھے۔ ملاقات کے دوران شہر میں امن و امان کی صورتحال، پولیس کی خدمات، علماء و مذہبی اسکالرز کا کردار اور قیام امن کے حوالے سے مذہبی و سماجی ہم آہنگی کی ضرورت سمیت باہمی دلچسپی کے مختلف موضوعات پر تبادلہ خیال کیا گیا۔

یہ بھی پڑھیں:

پاکستان کی معروف انجینئرنگ کمپنی نے سعودی عرب سے 2.5 ملین ڈالر کا پراجیکٹ حاصل کر لیا

مولانا ڈاکٹر قاسم محمود نے آئی جی سندھ رفعت مختار راجہ کی مختلف پوسٹنگز پر خدمات اور ملک کے اندر قیام امن کیلئے بہترین کردار پر انہیں خراج تحسین پیش کیا اور اس امید کا اظہار کیا کہ ان کی قیادت میں پولیس فورس صوبہ سندھ بالخصوص کراچی شہر میں عوام کی جان و مال کو سماج دشمن عناصر اور اسٹریٹ کرمنل سے تحفظ کا احساس دلانے میں کامیابی حاصل کرے گی۔

مولانا ڈاکٹر قاسم محمود نے قیام امن میں سماجی اور مذہبی ہم آہنگی کے فروغ اور فرقہ واریت کے خاتمے کی ضرورت پر زور دیتے ہوئے کہا کہ مجلس علمائے کراچی اس حوالے سے عملی طور پر کوشاں ہے اور اس سلسلے میں عوامی بیداری کیلئے مختلف مسالک کے اسکالرز پر مشتمل عوامی تقاریب منعقد کرتی ہے۔

مولانا ڈاکٹر قاسم محمود نے اپنے زیر سرپرستی غریب عوام کے بچوں کیلئے مفت دینی تعلیم اور مفت اسکل ڈیوپلمنٹ پراجیکٹس کا ذکر کیا اور کہا کہ ان  مشکل ترین معاشی حالات میں عوام کو تعلیم، فنی تربیت سمیت ہر شعبے میں ریلیف فراہم کرنا بڑا صدقہ ہے۔

انہوں نے آئی جی سندھ کو اپنے ہاں عوامی فلاح کی مختلف اسکیموں کے افتتاح کے موقع پر تشریف لانے کی دعوت دی، جسے آئی جی سندھ نے بخوشی قبول کیا اور مولانا ڈاکٹر قاسم محمود کے وژن اور مشن کو سراہا، جبکہ مولانا قاسم محمود نے ملکی اندرونی سلامتی کے تحفظ اور قیام امن میں پولیس فورس کے کردار کی تحسین کی۔

آئی جی سندھ رفعت مختار راجہ نے کہا کہ ان سخت حالات میں عوام کی کسی بھی سطح پر مدد کرنا بہت بڑا کام ہے، انہوں نے علمائے کرام اور دینی اسکالرز کی سماجی خدمات کو سراہتے ہوئے کہا کہ عوامی فلاح کے ہر کام میں ان شاء اللہ وہ علمائے کرام کے شانہ بشانہ ہوں گے۔

Related Posts