جشن میلاد النبی بذریعہ خدمت انسانیت، کراچی کے نوجوانوں نے مثال قائم کر دی

تازہ ترین

تازہ ترین

ربیع الاول کا مبارک مہینہ سرکار دو عالم صلی اللہ علیہ و آلہ وسلم کی ولادت با سعادت سے نسبت کے باعث انتہائی خیر و برکت کا مہینہ ہے۔

اس مبارک مہینے میں میلاد النبی کی مناسبت سے پوری مسلم امہ خوشیاں مناتی ہے، روایتی طور پر جلسے، جلوس نکالے جاتے ہیں، چراغاں کیے جاتے ہیں اور ہر طرف عید کا سماں ہوتا ہے، تاہم کراچی کے نوجوانوں کے ایک گروپ نے جشن آمد رسول انسانیت کی خدمت کے ذریعے منانے کا فیصلہ کرکے منفرد مثال قائم کی ہے۔

یوتھ یونٹی ویلفئیر آرگنائزیشن کراچی کے پر عزم نوجوانوں کی ایک سماجی تنظیم ہے، جس کی جانب سے ماہ ربیع الاول کی مناسبت سے شہر کے ایک غریب علاقے میں فری میڈیکل اینڈ آئی کیمپ کا انعقاد کیا گیا۔

تنظیم سے وابستہ نوجوانوں کا کہنا ہے کہ میلاد مصطفیٰ کی مناسبت سے ماہ ربیع الاول میں ہر کوئی اپنے طریقے کے مطابق خوشی کا اظہار کرتا ہے تاہم ہم نے نبی کریم صلی اللہ علیہ و آلہ و سلم کی تعلیمات کی روشنی میں خدمت انسانیت کے ذریعے آمد رسول کا جشن منانے کا انتخاب کیا ہے۔

فری میڈیکل کیمپ کے ذریعے کراچی کے ان قابل رشک نوجوانوں نے انتہائی غریب اور مستحق افراد کو میلاد النبی کی مبارک نسبت سے فری الٹرا ساؤنڈ، او پی ڈی، فری ٹیسٹوں اور فری میڈیسنز سے لیکر موتی کے آپریشن تک کی خدمات فی سبیل اللہ فراہم کیں۔ 

کیمپ کو مختلف شعبوں کے ڈاکٹرز کی خدمات حاصل رہیں، جنہوں نے غریب اور نادار لوگوں کو طبی سہولتیں فراہم کیں۔ کیمپ کی منفرد بات یہ ہے کہ یہاں آنے والے تمام افراد کو او پی ڈی سے لیکر میڈیسنز کی فراہمی اور پھر آپریشن اور الٹرا ساؤنڈز کیلئے لیبارٹریز تک لانے لے جانے کی فری سہولت بھی مہیا کی گئی۔

کیمپ میں اس دوران کھانا بھی مہیا کیا گیا اور رجسٹرڈ افراد کو مختلف دنوں میں علاج معالجہ مکمل ہونے تک گھر سے پک اینڈ ڈراپ کی سہولت بھی دی جا رہی ہے۔

کیمپ سے استفادہ کرنے والے ضرورت مند افراد نے کیمپ کا انعقاد کرنے والے نوجوانوں کے دینی اور انسانی جذبے کو سراہا اور دعائیں دیں۔

Related Posts