اسلام آباد: اربوں کے خسارے سے دو چارپی آئی اے نے بڑی سخاوت کر دی، لاڑکانہ میں ایک ارب سے زائد مالیت کا ملکیتی ہوٹل بغیر معاوضے کے سندھ حکومت کو دے دیا۔
لاڑکانہ میں پی آئی اے کے ملکیتی سمبارا ان ہوٹل کی قواعد وضوابط سے ہٹ کر حکومت سندھ کے حوالے کرنے کا انکشاف ہوا ہے، ایک ارب 15 کروڑ مالیت کے ہوٹل کی حکومت سندھ کو حوالگی میں پی آئی اے کے ورکس ڈیپارٹمنٹ کی سنگین بے قاعدگیاں سامنے آئی ہیں۔
مبینہ معاملے کی نشاندہی آڈیٹر جنرل آف پاکستان نے ورکس ڈیپارٹمنٹ آڈٹ برائے 2021-22 کی رپورٹ میں کی، دستاویزات کے مطابق پی آئی اے کے ڈیپارٹمنٹ نے ہوٹل کی تعمیراتی قیمت کا تخمینہ مبینہ طور پر 60.754 ملین لگایا، سٹیٹ بینک کے منظور کردہ تخمینہ کار نے دسمبر 2020ء میں ہوٹل کی مارکیٹ ویلیو 1 ارب 15 کروڑ بتائی تھی۔
ایک اعلیٰ افسر کی زبانی ملی ہدایت پر ہوٹل کا قبضہ ایئرلائن کے مفاد کے خلاف معاوضے کے بغیر ہی حکومت سندھ کے حوالے کر دیا گیا، ایئر لائن کے کمرشل مفادات نظر انداز کرنے کے بارے میں آڈیٹرز نے 2022ء میں انتظامیہ کو آگاہ کردیا تھا۔
میڈیکل اسٹورز پر ٹی بی کی ادویات کی قلت، مریض شدید مشکل کا شکار
انتظامیہ نے آڈیٹر کو جواب دیا ہے کہ پی آئی اے اس پراپرٹی کی قانونی مالک ہے اور اس کے پاس تمام متعلقہ جائیداد کے کاغذات ہیں اور ایوی ایشن ڈویژن کے ذریعے کیس کی پیروی کر رہے ہیں، آڈیٹر نے ہدایت کی کہ اس سلسلے میں ذمہ داروں کا تعین کرکے انکوائری کے بعد رپورٹ آڈٹ میں پیش کی جائے۔
آڈیٹر نے مزید کہا کہ پراپرٹی کا ٹائٹل پی آئی اے کے پاس ہونے کے تناظر میں ہوٹل واپس لینے کا ممکنہ طریقہ کار ممکن بنایا جائے اور وزارت ایوی ایشن معاملے کو مشترکہ مفادات کونسل میں اٹھائے۔
دوسری جانب پی آئی اے کی متعدد پروازیں تاخیر کا شکار ہوگئیں، پروازیں تاخیر کا شکار ہونے کے بعد مسافروں کا صبر جواب دے گیا، ڈیپارچر لاؤنج میں مسافروں کا احتجاج ائیر لائن کے عملے سے بھی گرما گرمی ہوگئی۔
اسلام آباد سے دوحہ، ابوظبی، ٹورنٹو اور ریاض جانے والی پروازیں بھی تاخیر کا شکار ہوئیں۔
کراچی سے ملتان اور لاہور سے کراچی کی پرواز بھی تاخیر کا شکار ہوئیں، اسلام آباد سے گلگت آنے اورجانے والی دو پروازیں پی کے 601 اور پی کے 602 بھی منسوخ کر دی گئیں۔
پی آئی اے کی اسلام آباد سے کراچی آنے والی دو پروازوں پی کے 309 اور پی کے 319 کو شیڈول کے مطابق رات 9 بجے اور رات 10 بجے کراچی پہنچنا تھا۔
پی آئی اے کے ترجمان کے مطابق جدہ سے ملتان پہنچنے والے پی آئی اے کے طیارے کا لینڈنگ کے دوران ٹائر پھٹ گیا، ٹائر تبدیل کرنے کے بعد پرواز کو روانہ کیا جائے گا۔
گوگل نیوز پر ہمیں فالو کریں








