بائیکاٹ کا اثر: میکڈونلڈز پاکستان وضاحت دینے پر مجبور، مگر کیا معاملہ اتنا سادہ ہے؟

تازہ ترین

تازہ ترین

غزہ میں نہتے فلسطینی بچوں اور عورتوں کے قتل عام میں مصروف جارح اسرائیلی فوج کو مفت کھانا فراہم کرنے پر میکڈونلڈز پر شدید تنقید کا سلسلہ جاری ہے اور پاکستان میں اس ملٹی نیشنل فاسٹ فوڈ چین کے بائیکاٹ کی مہم عروج پر ہے۔

صارفین کی بائیکاٹ مہم کا میکڈونلڈز کی پاکستانی برانچ کے کاروبار پر اثر پڑ گیا ہے، جس کے بعد میکڈونلڈز پاکستان کو اپنے بزنس کی فکر پڑ گئی ہے۔

میکڈونلڈز کی وضاحت

اس حوالے سے ”میکڈونلڈز پاکستان“ نے ایک پیغام جاری کیا ہے، جس میں اسرائیلی فوج کو مفت کھانا فراہم کیے جانے کے اقدام سے مکمل اظہار لاتعلقی کیا گیا ہے۔

میکڈونلڈز پاکستان نے سوشل میڈیا پلیٹ فارم ”ایکس“ پر جاری پیغام میں لکھا ہے کہ ’پاکستان میں قائم میکڈونلڈز ایک مقامی انٹرپرائز ہے جس کی مکمل ملکیت اور آپریشنز ”سیزا فوڈز پرائیویٹ لمیٹڈ پاکستان“ (SIZA Foods Pvt Ltd Pakistan) کے زیر اختیار ہیں۔‘

وضاحتی بیان میں مزید کہا گیا ہے کہ ’اسرائیل میں واقع میکڈونلڈز اور اس کے امور سے ہمارا کوئی تعلق نہیں، وہ مقامی سطح پر اسرائیلی انٹرپرائز کے زیرِ اختیار ہے۔‘

میکڈونلڈز پاکستان نے لکھا کہ ’اسرائیل میں واقع میکڈونلڈز ایک الگ ادارہ ہے جیسے پاکستان میں واقع میکڈونلڈز ایک الگ حیثیت رکھتا ہے۔ اسرائیل میں واقع میکڈونلڈز اپنے کاروباری، ابلاغی فیصلوں کا خود ذمہ دار ہے اور اس کا ہمارے پاکستانی بزنس اور امور سے کوئی تعلق نہیں۔‘

فوڈ چین نے مزید لکھا کہ ’کسی بھی قسم کی سیاسی سرگرمیوں میں ہماری کوئی حصہ داری نہیں ہے۔ ہماری ترجیح ہے کہ ہم آپ کا میکڈونلڈز پر اعتماد و محبت کا یقین بنائے رکھیں۔‘

کیا میکڈونلڈز پاکستان کی وضاحت کافی ہے؟

سوال یہ ہے کہ کیا واقعی میکڈونلڈز پاکستان کی یہ وضاحت کافی ہے اور دنیا بھر میں قائم میکڈونلڈز کی برانچز کا ان کی پیرنٹ کمپنی سے کوئی تعلق نہیں ہے؟

اس سوال کا جواب یہ ہے کہ بات اتنی سادہ نہیں ہے، جیسے میکڈونلڈز پاکستان نے پیش کی ہے۔ اس سلسلے میں فیس بک پر معروف سوشل ایکٹوسٹ وقاص خان نے اپنی ایک پوسٹ میں میکڈونلڈز کی وضاحت شیئر کرکے اس پر کچھ روشنی ڈالی ہے۔

وقاص خان نے لکھا ہے کہ یہ چیزیں ایسے بلیک اینڈ وائٹ نہیں ہوتیں۔ پاکستان میں موجود (میکڈونلڈز کی) شاخوں کی ملکیت اور آپریشنز پاکستانی کمپنی کے پاس ہیں مگر نام اور ذائقہ جس پیرنٹ کمپنی کا ہے، اسے باقاعدہ پیمنٹ ہوتی ہے۔

وقاص خان نے مزید لکھا ہے کہ اس (پیرنٹ) کمپنی کو مختلف امور پر اصولی ڈائریکشن دینے کا بھی اختیار ہوتا ہے۔ مثال کے طور پر اگر میکڈونلڈز پاکستان آج اسرائیل کی جانب سے انسانی حقوق کی خلاف ورزی پر تنقید کرے یا فلسطینی مظلوم عوام کی حمایت میں ٹویٹ کرے تو دیکھیں پھر کیا ہوتا ہے۔

Related Posts