ایرانی صدر ابراہیم رئیسی نے غزہ کے اسپتال پر اسرائیل کے سفاکانہ حملے میں 500 فلسطینیوں کی شہادت پر یوم سوگ منانے کا اعلان کرتے ہوئے کہا ہے کہ اسرائیل نے طاقت کے زعم میں معصوم اور بے کس مریضوں کو بے رحمی سے نشانہ بنایا۔
عالمی خبر رساں ادارے کے مطابق ایران کے صدر ابراہیم رئیسی نے غزہ کی پٹی میں بیپٹسٹ (کرسچن) اسپتال پر تباہ کن اسرائیلی حملے کی مذمت کرتے ہوئے خبردار کیا ہے کہ اسپتال پر بمباری سے اُٹھنے والے ان بلند شعلوں میں جلد ہی اسرائیل خود بھسم ہوجائے گا۔
پاکستان کا ابابیل ویپن سسٹم کا تجربہ کامیاب، آئی ایس پی آر کا بیان جاری
ایرانی صدر نے غزہ کے اسپتال پر بمباری کا ذمہ دار امریکا اور اسرائیل کو ٹھہراتے ہوئے کہا کہ اس دل خراش قتل عام پر ملک بھر میں سوگ ہوگا۔ اسرائیل کے اس گھناؤنے جنگی جرم پر کسی بھی آزاد شخص کی خاموشی جائز نہیں۔
صدر ابراہیم رئیسی نے یہ بھی کہا کہ امریکا اور اسرائیل کی غزہ میں لگائی گئی آگ خود ان ممالک کو اپنی لپیٹ میں لے لے گی اور فتح مظلوم فلسطینیوں کا مقدر ہوگی۔
ادھر لبنان میں ایران کی حمایت یافتہ تنظیم حزب اللہ نے غزہ اسپتال پر حملے پر ملک بھر میں یوم غم و غصہ منانے کا مطالبہ کیا۔
اس سے قبل ایران کی وزارت خارجہ کے ترجمان ناصر کنانی نے بھی اسپتال پر حملے کی مذمت کرتے ہوئے اسے وحشیانہ جنگی جرم اور نسل کشی قرار دیا تھا۔
خیال رہے کہ اسرائیل کی بمباری کی دھمکی اور انخلا کے الٹی میٹم کے بعد سے 10 لاکھ سے زیادہ لوگ شمالی غزہ سے نقل مکانی کر کے جنوبی علاقے منتقل ہو چکے ہیں۔
گوگل نیوز پر ہمیں فالو کریں








