اسرائیل نے غزہ پر فضائی اور زمینی حملے تیز کردئیے ہیں، جبالیہ پناہ گزین کیمپ پر تازہ بمباری میں 15مزید فلسطینی شہید ہوئے، شہدا کی مجموعی تعداد 9500تک جا پہنچی ہے۔
تفصیلات کے مطابق اسرائیل نے غزہ میں مظلوم فلسطینیوں کے خلاف زمینی اور فضائی کارروائی تیز کردی۔ جبالیہ پناہ گزین کیمپ پر بمباری سے شہید ہونے والے 9فلسطینیوں میں بچے اور خواتین بھی شامل ہیں۔
غزہ کے محصور شہری اوسطاً یومیہ روٹی کے صرف دو ٹکڑوں پر زندہ ہیں، اقوام متحدہ
بمباری کے نتیجے میں جبالیہ کیمپ میں پانی کی سپلائی لائن تباہ ہوگئی۔ غزہ کے شمالی علاقوں میں بھی اسرائیلی فورسز نے طیاروں کی مدد سے بمباری کی۔ 7اکتوبر سے جاری حملوں میں شہدا کی مجموعی تعداد 9500کے لگ بھگ ہے۔
تاحال اسرائیل کی جانب سے جنگ بندی کا کوئی اشارہ نہیں ملا۔ شہید ہونے والے فلسطینیوں میں 3ہزار900سے زائد بچے اور 2500خواتین شامل ہیں۔ حماس کا کہنا ہے کہ اسرائیل کی کارروائی کے نتیجے میں 60سے زائد قیدی لاپتہ ہوچکے ہیں۔
امریکی صدر جو بائیڈن نے اسرائیل حماس تنازعے کے دوران جنگ بندی کی کاوشوں میں پیش رفت کا دعویٰ کیا ہے۔ وزیرِ خارجہ انتونی بلنکن نے غزہ جنگ کے بعد تیسری بار مشرقِ وسطیٰ کا دورہ بھی کیا ہے۔
خیال رہے کہ امریکا اسرائیل کے حملوں میں ہر طرح کی مدد فراہم کررہا ہے۔وزیرِ خارجہ انتونی بلنکن کا کہنا ہے کہ ہم نے انسانی بنیادوں پر جنگ میں وقفے کی حمایت کی ہے تاہم جنگ بندی پر عرب ممالک اور امریکا کے مابین اختلافات پائے جاتے ہیں۔
گوگل نیوز پر ہمیں فالو کریں








