غزہ کی پٹی پر اسرائیل کی جنگ سو دن بعد بھی جاری ہے۔ دوسری جانب مغربی کنارے میں اس نے روزانہ کے چھاپوں میں مزید درجنوں فلسطینیوں کو حراست میں لیا ہے۔
آج اسرائیلی فورسز نے غرب اردن کے شمالی شہرنابلس میں واقع النجاح نیشنل یونیورسٹی پر دھاوا بولا۔ انہوں نے یونیورسٹی کے کیمپس میں گھس کر تلاشی لی اور وہاں سے طلبا سمیت کم سے کم بیس افراد کو حراست میں لے لیا۔
النجاح نیشنل یونیورسٹی کے حکام نے پیر کے روز اطلاع دی ہے کہ ایک اسرائیلی فوج نے نابلس شہر میں واقع یونیورسٹی پر دھاوا بول دیا۔ اس یونیورسٹی میں کم سے کم احتجاج کرنے والے 20 طلباء کو گرفتار کر لیا گیا۔
دریں اثنا یونیورسٹی برائے کمیونٹی افیئرز کے نائب صدر ڈاکٹر رائد الدبعی نے انکشاف کیا کہ سینکڑوں فوجیوں نے طوفانی کارروائی میں حصہ لیا۔ یونیورسٹی کی راہداریوں توڑپھوڑ کی اور اس کے 20 طلباء کو گرفتار کر لیا۔
عرب عالمی خبر رساں ایجنسی کی رپورٹ کے مطابق اسرائیلی فوجیوں نے یونیورسٹی کے متعدد سکیورٹی گارڈز کو بھی حراست میں لے لیا۔
انہوں نے بتایا کہ اسرائیلی فورسز کے حملے کے نتیجے میں متعدد سکیورٹی گارڈز زخمی بھی ہوئے۔
النجاح یونیورسٹی نے ایک بیان میں کہا کہ یونیورسٹی پر چھاپہ فلسطینی قومی، تعلیمی، صحت کے اداروں اور مذہبی اداروں پر اسرائیل کے بار بار ہونے والے حملوں کا تسلسل ہے۔
دوسری جانب فلسطینی اسیران کلب کے تازہ ترین اعدادوشمار کے مطابق گزشتہ اکتوبر سے اسرائیلی فورسز کے ہاتھوں حراست میں لیے گئے فلسطینیوں کی تعداد تقریباً 5,875 تک پہنچ گئی ہے۔
گوگل نیوز پر ہمیں فالو کریں








