پسوڑی سے شہرت حاصل کرنے والے پاکستانی گلوکار علی سیٹھی اور جونیتا گاندھی کا گانا ریلیز کردیا گیا جس کی ویڈیو یوٹیوب پر وائرل ہوچکی ہے۔
تفصیلات کے مطابق یوٹیوب پر 4روز قبل علی سیٹھی اور جونیتا گاندھی کا گانا ریلیز کیا گیا جسے اب تک 3لاکھ 36ہزار سے زائد سوشل میڈیا صارفین دیکھ چکے ہیں جن میں سے 14ہزار سے زائد نے گیت کو پسندیدگی کی سند عطا کردی۔
معروف گلوکار علی سیٹھی کلاسیکل گلوکاری کیلئے خاص شہرت رکھتے ہیں جبکہ جونیتا گاندھی ہندی، انگریزی، تامل، تیلگو، مراٹھی اور ملایلم جیسی مختلف زبانوں میں گیت گا کر عالمی سطح پر شہرت حاصل کرچکی ہیں۔
بھارتی گلوکارہ جونیتا گاندھی نے 2013 میں شاہ رخ خان اور دپیکا پدوکون کی فلم چنائی ایکسپریس سے اپنے شوبز کیرئیر کا آغاز کیا تھا۔ علی سیٹھی اور جونیتا گاندھی کے گیت ”لو لائیک دیٹ“ کی سیکڑوں مداحوں نے کھل کر تعریف کی۔
نئے گیت میں جونیتا گاندھی اور علی سیٹھی نے اپنے ملک کی قومی زبان (جسے بھارت میں ہندی اور پاکستان میں اردو کہا جاتا ہے) کے علاوہ انگریزی کا بھی خوبصورت استعمال کیا جسے سوشل میڈیا صارفین سراہے بغیر نہیں رہ سکتے۔
دلچسپ طور پر پسوڑی کی تاریخ دہراتے ہوئے علی سیٹھی اور جونیتا گاندھی نے اپنے گیت ”لو لائیک دیٹ“ میں پنجابی کے بول بھی شامل کیے جبکہ گیت کی ویڈیو میں مشرقی اور مغربی کلچر کا حسین امتزاج بھی ناظرین و سامعین کو پسند آیا۔
گوگل نیوز پر ہمیں فالو کریں








