کراچی کے علاقے فیڈرل بی ایریا میں 7 سالہ طالبِ علم آبان کے اندوہناک قتل کے بعد مقتول کو سپردِ خاک کردیا گیا، تاہم قاتلوں کو تاحال گرفتار نہیں کیا جاسکا۔
تفصیلات کے مطابق ایف بی ایریا کے علاقے میں کارڈیو ہسپتال کے احاطے سے 7سالہ آبان کی ذبح شدہ لاش بدھ کے روز ملی جو اسکول سے واپس گھر آ کر دکان سے چیز لینے کیلئے باہر گیا اور کبھی گھر واپس نہ لوٹ سکا جسے نامعلوم ملزمان نے قتل کردیا۔
قتل کی وجوہات، آلۂ قتل اور نامعلوم قاتلوں کا سراغ قتل کے 2 روز بعد بھی نہیں لگایا جاسکا۔ مقتول کو شدید زخمی حالت میں ہسپتال منتقل کیا جارہا تھا کہ وہ چل بسا۔ 7سالہ آبان ولد مظہر فیڈرل بی ایریا کے بلاک 16 کا رہائشی تھا جس کے والد چند ماہ قبل ہی یہاں منتقل ہوئے تھے۔
مقتول کے والد مظہر اویس کی مدعیت میں 7 سالہ آبان کے قتل کا مقدمہ یوسف پلازہ تھانہ میں قتل کی دفعات کے تحت درج کرلیا گیا۔ مقدمہ الزام نمبر 33/2024 میں مدعی مقدمہ کا کہنا ہے کہ مجھے میری بیگم نے فون پر بتایا کہ آبان گھر سے نکلا تو واپس نہیں آیا۔
مدعی کا مقدمے کے متن میں کہنا ہے کہ میں نے اپنے بیٹے کو رشتہ داروں کے ہمراہ تلاش کیا۔ پتہ چلا کہ کسی نے میرے بیٹے کا گلا کاٹ کر اسے قتل کردیا ہے۔پولیس کا کہنا ہے کہ واقعے کی تفتیش جاری ہے۔ مقتول کی نمازِ جنازہ جامع مسجد میں ادا کی گئی۔
گوگل نیوز پر ہمیں فالو کریں








