پنجاب کے شہر اوکاڑہ میں کمسن بچے کو زیادتی کے بعد قتل کردیا گیا ہے جس کے بعد پنجاب پولیس نے واقعے کی تفصیلات پر مبنی ویڈیو جاری کردی۔
سماجی رابطے کی ویب سائٹ ایکس (ٹوئٹر) پر جاری پیغام میں پنجاب پولیس کا کہنا ہے کہ کچھ جرائم ایسے ہوتے ہیں جو معاشرے کی بنیادوں کو ہلا دیتے ہیں۔ ایسا ہی ایک واقعہ اوکاڑہ میں پیش آیا۔ ہمیں کال موصول ہوئی کہ ایک کمسن بچے کو زیادتی کے بعد قتل کردیا گیا۔
ٹوئٹر پیغام میں پنجاب پولیس کا کہنا ہے کہ اطلاع ملنے پر ہماری ٹیمیں فوری جائے وقوعہ پر پہنچیں اور مقدمہ درج کرکے ملزم کی تلاش شروع کردی گئی۔ ملزم کو گرفتار کرلیا گیا ہے۔ تفتیش کے بعد قتل کے جرم میں قرار واقعی سزا دلوائی جائے گی۔
ڈی پی او اکاڑہ منصور امان نے زیادتی اور قتل میں ملوث ملزم کی گرفتاری اور بچوں کے تحفظ کے حوالے سے ویڈیو پیغام جاری کرتے ہوئے کہا کہ میری تمام والدین سے گزارش ہے کہ اپنے بچوں کو کسی انجام شخص کے حوالے مت کریں اور ان پر نظر رکھیں۔
''کچھ جرائم ایسے ہوتے ہیں جو معاشرے کی بنیادوں کو ہلا دیتے ہیں۔ ایسا ہی ایک واقعہ اوکاڑہ میں پیش آیا۔ ہمیں کال موصول ہوئی کہ ایک کمسن بچے کو زیادتی کے بعد قتل کر دیا گیا ہے۔ ہماری ٹیمیں فوری جائے وقوعہ پر پہنچیں اور مقدمہ درج کر کے ملزم کی تلاش کا آغاز کر دیا گیا۔ ملزم کو گرفتار… pic.twitter.com/QwDBCwPOgz
— Punjab Police Official (@OfficialDPRPP) February 19, 2024
ویڈیو پیغام میں ڈی پی او اوکاڑہ نے کہا کہ جرائم ہر معاشرے میں ہوتے ہیں لیکن کچھ جرائم ایسے ہوتے ہیں جو معاشرے کی اخلاقی بنیادوں پر سوالات کھڑے کردیتے ہیں۔ ہجرہ شاہ مقیم کے ایک گاؤں میں بھی ایک ایسا ہی جرم گزشتہ روزہوا۔
پیغام میں ڈی پی او اوکاڑہ نے کہا کہ 5 سالہ بچہ زیادتی کے بعد بہیمانہ طریقے سے قتل کردیا گیا۔ پولیس نے چند ہی گھنٹوں میں ملزم کو گرفتار کرلیا۔ ملزم کو کیفرِ کردار تک پہنچایا جائے گا۔ بطور والدین ہم سب کو اس جرم سے جو دکھ ہوا، اس کا ازالہ نہیں کیاجاسکتا۔
گوگل نیوز پر ہمیں فالو کریں








