ننھی فلسطینی بچی سورہ فاتحہ پڑھتے ہوئے اسرائیلی درندگی کا شکار ہوگئی

تازہ ترین

تازہ ترین

جنوبی غزہ میں اسرائیلی فوجی کارروائیوں میں ماری جانے والی چھ سالہ ہند رجب کی ایک آڈیو ریکارڈنگ سامنے آئی ہے جس میں اسے اسرائیلی حملے میں مارے جانے سے قبل سورۃ فاتحہ پڑھتے سنا جا سکتا ہے۔

خیال رہے کہ گزشتہ دنوں اسرائیلی فوجی کارروائیوں کے دوران جاں بحق ہونے والی چھ سالہ بچی ہند رجب کی موت کے واقعے نے پوری دنیا کو ہلا کررکھ دیا تھا۔

فلسطینی ہلال احمر کے فیس بک پیج پرپوسٹ کی گئی اس ریکارڈنگ میں ہلال احمر کی ایک کارکن کی طرف سے قرآن پاک کی آیات پڑھ کرخود کو تسلی دینے کی کوشش کرتے سنا جا سکتاہے۔

آڈیو ریکارڈنگ میں رنا نامی پیرامیڈک نے بچی سے کہا کہ “کیا ہمیں قرآن اور کچھ دعائیں پڑھنی چاہئیں؟ تمہارا کیا خیال ہے؟” پھر اس نے سورۃ الفاتحہ کی تلاوت شروع کردی۔ ہلال احمر کی کارکن کی آواز میں جذبات بھر آئے۔ ننھی بچی خاتون کارکن کے ساتھ سورۃ فاتحہ کی آیات کو دہراتی مگراس کا جسم خوف سے کانپ رہا تھا۔

قابل ذکر ہے کہ فلسطینی ہلال احمر نے 10 فروری کو اعلان کیا تھا کہ 12 روز قبل تل الھویٰ میں چھ سالہ ہند رجب اور اس کے خاندان کے پانچ افراد کی لاشیں ملی تھیں۔ ہند رجب اور اس کے خاندان کے افراد پر مشتمل اس گاڑی کو اسرائیلی فوج نے روک دیا تھا اور اس کا محاصرہ کیا گیا تھا۔

اس دوران اس پر ٹینکوں سے گولہ باری کی گئی جس کے نتیجے میں ہند رجب اور گاڑی میں سوار دیگر افراد مارے گئے تھے۔ انہیں بچانے کے لیےآنے والے ہلال احمر کے دو کارکنوں کو بھی اسرائیلی فوج نے موت کی نیند سلا دیا تھا۔

مارے جانے والے دیگر افراد میں اس کی 14 سالہ ماموں زاد بہن بھی شامل تھیں۔

ہلال احمر نے وضاحت کی کہ اسرائیلی فوج نے جائے وقوع پر پہنچنے پر ایمبولینس کو دانستہ طور پر نشانہ بنایا، کیونکہ یہ بچی ہند کی گاڑی سے چند میٹر کے فاصلے پر تھی جہاں اسے نشانہ بنا کر قتل کیا گیا۔

Related Posts