امیر بالاج ٹیپو سپردِ خاک، پولیس نے 3 افراد کو گرفتار کرلیا

تازہ ترین

تازہ ترین

لاہور میں ٹیپو ٹرکاں والے کے بیٹے امیر بالاج ٹیپو کو اندوہناک قتل کے بعد مقامی قبرستان میں سپردِ خاک کردیا گیا ہے۔ پولیس نے موبائل فون ڈیٹا اور لوکیشن کی مدد سے 3مشتبہ افراد کو گرفتار کر لیا۔

تفصیلات کے مطابق لاہور کے علاقے شاہ عالم چوک میں امیر بالاج ٹیپو کی نمازِ جنازہ ادا کردی گئی۔ اہلِ علاقہ کی بڑی تعداد نے نمازِ جنازہ میں شرکت کی۔ امیر بالاج کو ان کے مقتول والد ٹیپو ٹرکاں والے کے پہلو میں دفن کردیا گیا۔

اتوار کی شب لاہور کے علاقے چوہنگ میں واقع نجی سوسائٹی میں شادی کی تقریب کے دوران فائرنگ کے نتیجے میں جاں بحق امیر بالاج ٹیپو کے قتل میں خواجہ تعریف گلشن عرف طیفی بٹ اور خواجہ عقیل نامزد ملزمان ہیں۔

واقعے کے مقدمے کے مطابق حملہ آور مظفر حسین قتل کی رات ہی اپنے ساتھیوں کی فائرنگ سے مارا گیا۔ ملزم نے1روز قبل ہی نیا فون اور موبائل سم خریدی جو کراچی کی لطیفاں بی بی کے نام تھی۔ دیگر ملزمان کی گرفتاری کیلئے پولیس ٹیمیں تشکیل دی گئی ہیں۔

پولیس کا کہنا ہے کہ حملہ آور مظفر حسین کے موبائل فون ڈیٹا اور لوکیشنز کی مدد سے 3 افراد کو گرفتار کیا گیا ہے۔ امیر بالاج ٹیپو سے قبل ان کے والد ٹیپو ٹرکاں والے اور مقتول کے دادا کو بھی قتل کردیا گیا تھا جس کے نتیجے میں خونریز دشمنی کا آغاز ہوا۔

Related Posts