نیشنل الیکٹرک پاور ریگولیٹری اتھارٹی (نیپرا) سے بجلی مزید مہنگی کرنے کی درخواست کی گئی ہے، منظوری کی صورت میں صارفین پر 66ارب روپے سے زائد اضافی بوجھ پڑے گا۔
تفصیلات کے مطابق سنٹرل پاور پرچیزنگ ایجنسی (سی پی پی اے) نے نیپرا سے فی یونٹ بجلی کی قیمت میں 7روپے سے زائد اضافے کی درخواست کی ہے جس پر نیپرا میں سماعت ہوگی جس سے بجلی مزید مہنگی ہونے کا خدشہ ہے۔
نیپرا سنٹرل پاور پرچیزنگ ایجنسی کی درخواست پر سماعت 23فروری کو کرے گا جبکہ درخواست ماہانہ فیول پرائس ایڈجسٹمنٹ کی مد میں جمع کروائی گئی۔ درخواست میں نیپرا سے بجلی 7روپے 13پیسے مہنگی کرنے کا مطالبہ کیا گیا۔
سی پی پی اے کا اپنی درخواست میں کہنا ہے کہ جنوری کے دوران بجلی کی تقسیم کار کمپنیوں نے 7ارب 93 کروڑ یونٹ بجلی خریدی۔ درخواست منظوری کی صورت میں بجلی صارفین پر 66ارب 77کروڑ تک اضافی بوجھ پڑنے کا خدشہ ہے۔
حکام کا کہنا ہے کہ نیپرا کی جانب سے بجلی مزید مہنگی کیے جانے کا اطلاق کے الیکٹرک صارفین پر نہیں ہوگا۔ فیول پرائس ایڈجسٹمنٹ کے تحت بجلی کی قیمتوں میں اضافے کا سلسلہ طویل عرصے سے جاری ہے جو تھمتا دکھائی نہیں دیتا۔
گوگل نیوز پر ہمیں فالو کریں








