پنجاب میں نمونیا نے تباہی مچا دی، 13معصوم بچے جاں بحق

تازہ ترین

تازہ ترین

لاہور: ملک کے مختلف شہروں میں بارش اور برفباری سے سردی لوٹ آئی، پنجاب میں نمونیا نے تباہی مچا دی جہاں مزید 13 معصوم بچے جاں بحق ہوگئے ہیں۔

تفصیلات کے مطابق ملک کے سب سے بڑے صوبے پنجاب میں نمونیا سے صورتحال سنگین رخ اختیار کر گئی۔ جان لیوا بیماری کے نتیجے میں رواں سال 404 افراد انتقال کر گئے جن میں سے لاہور سے تعلق رکھنے والے 65 افراد شامل ہیں۔

رواں برس پنجاب میں نمونیا کے 29 ہزار 603 کیسز رپورٹ ہوئے جن میں لاہور کے 6 ہزار 438 کیسز شامل ہیں۔ گزشتہ 24 گھنٹوں کے دوران نمونیا  کے باعث لاہور میں 2 مزید معصوم بچے انتقال کر گئے۔

صوبے بھر میں 1روز کے دوران نمونیا کے 304کیسز رپورٹ ہوئے جن میں لاہور کے 114 نئے کیسز شامل ہیں جبکہ ماہرین کا کہنا ہے کہ پنجاب میں رواں برس سردی کے ساتھ ساتھ فضائی آلودگی اور اسموگ بھی نمونیا کا باعث بنی۔

حکام کا کہنا ہے کہ نمونیا سے مراد پھیپھڑوں کا انفیکشن ہے اور زیادہ تر شہری وائرس کے باعث نمونیا کا شکار ہوتے ہیں۔ نزلہ زکام اور بخار نمونیا کی ابتدائی علامات ہیں۔ اگر کوئی صحت مند انسان نمونیا کا شکار ہو تو آسانی سے صحتیاب بھی ہوسکتا ہے۔

تاہم بچوں کیلئے نمونیا سے نمٹنا انتہائی مشکل ثابت ہوسکتا ہے۔ ماہرین کا کہنا ہے کہ بچوں کو دودھ پلانے اور غذائیت کی کمی، آلودگی اور ٹھنڈ میں زیادہ دیر تک رکھنے سے  نمونیا ہوسکتا ہے جس کے آگے شیرخوار بچوں کا مدافعتی نظام کمزور پڑ جاتا ہے۔

Related Posts