سڈنی: آسٹریلیا کی 8 نجی و سرکاری یونیورسٹیوں نے حکومت کی جانب سے پابندیوں کے باعث غیر ملکی طلبہ کو داخلہ دینا بند کردیا ہے۔
تفصیلات کے مطابق آسٹریلیا کی 8 جامعات اور دیگر تعلیمی اداروں نے غیر ملکی طلبہ و طالبات کو داخلے دینا بند کردیا جبکہ آسٹریلین حکومت دیگر ممالک سے آنے والے طلبہ کو ویزے دینے میں ہچکچاہٹ کا شکار ہے۔
آسٹریلین حکومت امیگریشن کی شرح سست کرنے کیلئے سرگرم ہے جس کے اثرات کینگروز کے دیس کی ویزہ پالیسی پر بھی پڑے ہیں اور ویسٹرن سڈنی یونیورسٹی سمیت دیگر 8تعلیمی اداروں نے ایکشن لے لیا۔
تعلیمی اداروں اور جامعات نے حال ہی میں طلبہ اور ریکروٹنگ ایجنٹس کو صورتحال پر آگہی دیتے ہوئے تعلیمی داخلوں کی تنسیخ یا دی گئی درخواستوں کی واپسی کی درخواست کی ہے ، جس سے طلبہ کی امیدوں پر اوس پڑ گئی۔
اب تک جن طلبہ و طالبات نے جامعات اور دیگر تعلیمی اداروں کو داخلوں کیلئے فیس کی ادائیگی کردی تھی، آٹھوں اداروں کا کہنا ہے کہ تمام طلبہ کو فیس بھی واپس کردی جائے گی۔ جامعات کا کہنا ہے کہ یہ اقدام حکومت کی جانب سے ویزہ جاری نہ کرنے کے باعث اٹھایا گیا ہے۔
گوگل نیوز پر ہمیں فالو کریں








