جے یو آئی سندھ کے سیکرٹری جنرل اور پیپلز پارٹی کے چیئرمین بلاول بھٹو زرداری کے مقابلے میں الیکشن لڑنے والے سیاسی رہنما علامہ راشد سومرو نے بلاول بھٹو کو مناظرے کی دعوت دے دی۔
جے یو آئی رہنما نے بلاول بھٹو زرداری کا چیلنج قبول کرتے ہوئے کہا ہے کہ آئیں مناظرہ کرلیں، میں ثابت کروں گا کہ الیکشن میں دھاندلی ہوئی ہے اور آپ کو دھاندلی کے ذریعے جتوایا گیا ہے۔
بلاول بھٹو نے گزشتہ دن اپنے بیان میں سیاسی مخالفین کو چیلنج دیا تھا کہ وہ ثابت کریں کہ الیکشن میں دھاندلی ہوئی ہے، انہوں نے اپنے سیاسی مخالفین پر طنز کرتےہوئے کہا تھا کہ جلسے کرنا الگ چیز ہے اور الیکشن جیتنا الگ فن ہے۔
جے یوآئی رہنما علامہ راشد سومرو نے بلاول بھٹو زرداری کا چیلنج قبول کرتے ہوئے کہا کہ میرے پاس فارم 45 موجود ہیں، جن کے ذریعے میں ثابت کر سکتا ہوں کہ آپ الیکشن ہارے ہوئے ہیں اور آپ کو بدترین دھاندلی کے ذریعے جتوایا گیا ہے۔
علامہ راشد سومرو نے کہا کہ بلاول صاحب بتائیں مناظرہ کہاں اور کب کرناہے؟ کسی نیشنل ٹیلی ویژن پر مناظرہ کرنا ہے یا کسی دوسرے فورم پر کرنا ہے، بتا دیں ہمیں آپ کے جواب کا انتظار ہے۔
انہوں نے کہا کہ ہم الیکشن کمیشن، سپریم کورٹ اور کسی عوامی دھرنے سمیت ہر جگہ مناظرہ کرنے کیلئے تیار ہیں۔ انہوں نے کہا کہ بلاول صاحب جلدی بتائیں تاخیر نہ کریں، ان کا کہنا تھا کہ ابھی گرمی دور ہے، اس کے باوجود بلاول صاحب پسینے سے شرابور ہورہے ہیں۔
گوگل نیوز پر ہمیں فالو کریں








