پاکستان کی 7ممالک کو برآمدات میں 21فیصد سے زائد اضافہ

تازہ ترین

تازہ ترین

اسلام آباد: رواں مالی سال کے 7ماہ میں پاکستان کی 7 ممالک کو برآمدات میں 21فیصد سے زائد کا اضافہ ریکارڈ کیا گیا ہے جن میں زیادہ تر جنوبی ایشیائی ممالک شامل ہیں۔

تفصیلات کے مطابق  تمام تر ایشیائی ممالک بشمول چین، افغانستان، بنگلہ دیش، بھارت، سری لنکا، مالدیپ اور نیپال کو گزشتہ 7 ماہ کے دوران کی گئی برآمدات میں مجموعی طور پر 21اعشاریہ 68فیصد کا اضافہ ہوا جو مجموعی برآمدات کا ساڑھے 14فیصد بنتا ہے۔

چین کو رواں مالی سال کے 7 ماہ کے دوران پاکستان کی برآمدات کا حجم 1 ارب 72 کروڑ 66لاکھ 79 ہزار ڈالر تک جا پہنچا جبکہ گزشتہ برس برآمدات کے حجم کا تخمینہ 1 ارب 19 کروڑ 46 لاکھ 39 ہزار ڈالرز رہا جبکہ افغانستان کو برآمدات میں معمولی کمی ہوئی۔

حکام کا کہنا ہے کہ پاکستان کی افغانستان کو کی جانے والی برآمدات کا حجم جو گزشتہ برس 28 کروڑ 51 لاکھ 77 ہزار ڈالرز تھا، اس میں 0.08 فیصد کی معمولی کمی ہوئی جس سے برآمدات کا حجم 28 کروڑ 49 لاکھ 27 ہزار ڈالرز تک جا پہنچا ہے۔ 

پاکستان کی مجموعی برآمدات کا حجم 17 ارب، 97 کروڑ 79 لاکھ 63 ہزار ڈالر رہا جبکہ جن ممالک کو سب سے زیادہ برآمدات کی گئیں ان میں چین سرِ فہرست رہا۔ رواں مالی سال کے 7 ماہ کے دوران چین کو پاکستان کی برآمدات میں ساڑھے 44فیصد کا اضافہ ہوا۔

Related Posts