اسلام آباد: وفاقی حکومت نے ساتویں زراعت شماری کیلئے ڈیجیٹل کاؤنٹنگ کا طریقہ کار اپنانے کا فیصلہ کر لیا ہے جبکہ زراعت شماری کی تیاریاں حتمی مرحلے میں داخل ہوگئیں۔
تفصیلات کے مطابق وفاقی ادارۂ شماریات نے اقوامِ متحدہ کی تنظیم برائے خوراک و زراعت کے اصولوں کے تحت ساتویں زراعت شماری کیلئے مربوط ڈیجیٹل شمار کا طریقہ کار اپنانے کا اعلان کیا ہے۔
ادارۂ شماریات کا کہنا ہے کہ ساتویں زراعت شماری کیلئے زرعی وسائل، مشینری اور لائیو اسٹاک کو مربوط طور پر ڈیجیٹل شمار کے طریقہ کار کے تحت شمار کیا جائے گا اور پراسیس ری انجینئرنگ بھی کی جائے گی۔
ساتویں زراعت شماری کیلئے حکومت نے 65 کروڑ روپے بجٹ کا تخمینہ لگایا ہے جس سے ملک بھر میں 24 کروڑ کی انسانی آبادی کی خوراک پوری کرنے کیلئے حکومت کو فیصلہ سازی، حکمتِ عملی اور لائحۂ عمل تشکیل دینے میں مدد ملے گی۔
متعلقہ حکام کا کہنا ہے کہ بڑی ہولڈنگز کے شمار کیلئے ری انجینئرنگ کا منصوبہ بنا لیا گیا ہے۔ صوبائی اسٹیک ہولڈرز جن میں بورڈ آف ریونیو، کراپ رپورٹنگ سروسز، لائیو اسٹاک اور زراعت (توسیع) شامل ہیں، فیلڈ آپریشن میں معاونت کریں گے۔
حکام کا مزید کہنا ہے کہ ڈویژنل اور ضلعی سینس کو آرڈینیٹرز کو مقرر کیا گیا ہے، ملٹی میڈیا، لیپ ٹاپ، ساؤنڈ سسٹم کی سہولیات سے مزین 157 تربیتی مقامات پر ماہر ٹرینرز عملے کو تربیت دیں گے کہ آئی سی ٹی مواد کا استعمال کیسے کیا جائے۔
گوگل نیوز پر ہمیں فالو کریں








