واشنگٹن: پاکستان کا کہنا ہے کہ ہم انسدادِ دہشت گردی اور اسٹرٹیجک توازن برقرار رکھنے کیلئے فنانسنگ اور فوجی سازوسامان کی بحالی کیلئے امریکی فیصلوں کے منتظر ہیں۔
تفصیلات کے مطابق امریکی دارالحکومت واشنگٹن میں مقامی تھنک ٹینک سے خطاب کرتے ہوئے پاکستان کے سفیر سردار مسعود خان نے کہا کہ پاکستان کو اسٹرٹیجک توازن برقرار رکھنے کیلئے فوجی سازوسامان کی ضرورت ہے۔
خطاب کے دوران پاکستان کے سفیر سردار مسعود خان نے کہاکہ امریکا کو جنوبی ایشیا کی سلامتی پر توجہ مرکوز کرنا ہوگی، ہماری حکومت فنانسنگ کی بحالی کیلئے امریکی فیصلوں کی منتظر ہے۔ ہمیں دہشت گردی سے خطرات لاحق ہیں۔
پاکستانی سفیر مسعود خان نے کہا کہ پاکستان امریکا اور چین کے مابین تعاون کو فروغ دینے کیلئے کردار ادا کرسکتا ہے تاہم انسدادِ دہشت گردی کیلئے ہمیں امریکی فیصلوں کا انتظار ہے۔ ضروری ہے کہ پاکستان میں سرمایہ کاری کو فروغ دیا جائے۔
خیال رہے کہ اس سے قبل امریکا کا کہنا تھا کہ ہم پاکستان میں انتخابات کے دوران دھاندلی کی تحقیقات چاہتے ہیں جبکہ نئی حکومت کی تشکیل پاکستان کا اندرونی معاملہ ہے۔ہماری خواہش ہے کہ تحقیقات پاکستان کے اپنے طریقہ کار کے مطابق ہو۔
ترجمان امریکی محکمۂ خارجہ میتھیو ملر نے واشنگٹن میں پریس بریفنگ کے دوران کہا کہ نئی حکومت کی تشکیل پاکستان کا اندرونی معاملہ ہے اور ہم اندرونی معاملات میں پڑنا نہیں چاہتے۔دھاندلی کے دعووں کی غیر جانبدارانہ تحقیقات ضروری ہیں۔
گوگل نیوز پر ہمیں فالو کریں








