شہرِ قائد کے علاقے گلستانِ جوہر میں معروف ماہرِ تعلیم خالد رضا کو قتل کردیا گیا، واقعے کو 1 سال مکمل ہوگیاہے۔
تفصیلات کے مطابق گلستانِ جاہر کے علاقے میں فائرنگ کے نتیجے میں نجی اسکول سسٹم (دارِ ارقم اسکولز، کراچی ریجن) کے دپٹی ڈائریکٹر اور فیڈریشن آف پرائیویٹ اسکولز (پاکستان) کے نائب چیئرمین سیّد خالد رضا شہید ہوگئے۔
بعض میڈیا رپورٹس کے مطابق سیّد خالد رضا کو گلستانِ جوہر میں ٹارگٹ کلرز نے قتل کیا۔ موٹر سائیکل پر سوار مسلح ملزمان نے مشہور ماہرِ تعلیم کی زندگی کا چراغ گل کردیا۔ یہ واقعہ گلستانِ جوہر بلاک 7 کے علاقے میں پیش آیا۔
کراچی پولیس کا کہنا ہے کہ مسلح ملزمان نے ٹارگٹ کلنگ کی۔ جائے وقوعہ سے 30 بور کا خول بھی برآمد ہوا تھا۔ ملزمان سیّد خالد رضا کو قتل کرنے کے ارادے سے آئے تھے۔ قاتلوں نے ماہرِ تعلیم شخصیت سے موبائل فون یا دیگر سامان چھیننے کی کوشش نہیں کی۔
ایک نجی ٹی وی رپورٹ کے مطابق ماہرِ تعلیم سیّد خالد رضا کے قتل سے قبل 3ماہ قبل ان کی ریکی کی گئی۔ ریکی سے مراد کسی بھی جرم سے قبل اردگرد کے حالات کاجائزہ لینا ہوتا ہے تاکہ موقع دیکھ کر سنگین واردات کی جاسکے۔
قتل سے 3 ماہ قبل سیّد خالد رضا کو گھر پر ایک پارسل موصول ہوا۔ رائیڈر نے پارسل تصدیق کے بعد اہلِ خانہ کے حوالے کیا جس سے ایک رُکی ہوئی گھڑی نکلی۔ گھڑی پر 8بج کر 10 منٹ کا وقت روک لیا گیا تھا۔
جب اہلِ خانہ نے تحقیق کی تو رائیڈر گھر کی ویڈیو بنا رہا تھا۔ اہلِ خانہ نے روکا تو رائیڈر جائے وقوعہ سے فرار ہوگیا۔ گھڑی کے ساتھ ایک پرچی ملی جس پر ”گڈ لک خالد رضا“ لکھا ہوا تھا۔
بعد ازاں رات کو 8 بج کر 10 منٹ پر ہی ماہرِ تعلیم سیّد خالد رضا کو قتل کردیا گیا، جس سے پتہ چلتا ہے کہ کراچی میں ٹارگٹ کلنگ کتنی شدت اختیار کرچکی ہے، قاتل دیدہ دلیری سے شہریوں کو خاک و خون میں نہلا دیتے ہیں۔
ملزمان کی گرفتاری
قانون نافذ کرنے والے ادارے نے اگلے ہی مہینے ماہرِ تعلیم خالد رضا کے قتل میں ملوث ہونے کے الزام میں 1 لڑکی سمیت 2 ملزمان کو گرفتار کرلیا جو قتل کی منصوبہ بندی اور سہولت کاری میں ملوث نکلے۔
میڈیا کا کہنا تھا کہ خالد رضا کے قتل میں اجرتی ٹارگٹ کلرز ملوث تھے۔ حساس ادارے نے کارروائی کرتے ہوئے انکشاف کیا کہ زیرِ حراست لڑکی سمیت 2 ملزمان مقتول خالد رضا کی نگرانی اور ریکی میں ملوث تھے۔
ریکی مکمل ہونے پر طے کی گئی اجرت کی رقم ملزمان کو موبائل فون اکاؤنٹ میں فراہم کردی گئی تھی۔ ملزمان نے مسلح قاتلوں کو گھر کی ویڈیوز اور آنے جانے کے اوقات کی تفصیلات بتائی تھیں۔
گزشتہ برس 26فروری 2023 کی رات 8 بجے کے بعد ماہرِ تعلیم سیّد خالد رضا کو گلستانِ جوہر میں ٹارگٹ کلنگ کا نشانہ بناتے ہوئے قتل کردیا گیا تھا۔ایک میڈیا رپورٹ کے مطابق قتل کی ذمہ داری علیحدگی پسند دہشت گرد تنظیم نے قبول کی تھی۔
گوگل نیوز پر ہمیں فالو کریں








