کراچی: نومنتخب وزیر اعلیٰ سندھ سیّد مراد علی شاہ نے اپنے عہدے کا حلف اٹھا لیا ہے، گورنر سندھ کامران ٹیسوری نے مراد علی شاہ سے حلف لیا۔
تفصیلات کے مطابق سیّد مراد علی شاہ نے مسلسل تیسری بار وزیر اعلیٰ کے عہدے کا حلف اٹھایا جبکہ حلف برداری کی تقریب گورنر ہاؤس میں ہوئی جہاں مراد علی شاہ نے حلف برداری سے قبل گورنر سندھ کامران ٹیسوری سے ملاقات بھی کی۔
ملاقات کے دوران ملک کی سیاسی صورتحال اور خاص طور پر سندھ کے امورپر گفتگو ہوئی۔ گورنر سندھ کی تقریبِ حلف برداری میں پی پی پی کے سیاسی رہنماؤں اور اعلیٰ سول و عسکری حکام نے شرکت کی جن میں پارٹی چیئرمین بھی شامل تھے۔
چیئرمین پی پی پی بلاول بھٹو زرداری نے مراد علی شاہ کو مسلسل تیسری بار وزیر اعلیٰ منتخب ہونے پر مبارکباد دی۔ تقریبِ حلف برداری میں صوبے کے سبکدوش ہونے والے نگران وزیر اعلیٰ جسٹس (ر) مقبول باقر بھی موجود تھے۔
قبل ازیں وزیر اعلیٰ کے انتخاب کیلئے سندھ اسمبلی کے اجلاس کی صدارت نومنتخب اسپیکر اویس قادر شاہ نے کی جس کے دوران مراد علی شاہ کو 112 جبکہ ایم کیو ایم سے تعلق رکھنے والے مقابل امیدوار علی خورشیدی کو 36ووٹ ملے تھے۔
گوگل نیوز پر ہمیں فالو کریں








