ہری پور میں بس کا خوفناک حادثہ، 10 سے زائد مسافر جاں بحق

تازہ ترین

تازہ ترین

پشاور: خیبر پختونخوا کے شہر ہری پور میں بس کو خوفناک حادثہ پیش آجانے کے باعث 10 سے زائد مسافر جاں بحق ہوگئے ہیں۔

تفصیلات کے مطابق ہری پور کی تحصیل خانپور میں ایک مقام ترناوہ کھوئی بگراں میں موڑ کاٹتے ہوئے مسافر بس کھائی میں جاگرنے کے باعث بھاری جانی نقصان ہوا۔ ریسکیو اہلکار واقعے کی اطلاع ملنے پر جائے وقوعہ پر پہنچ گئے۔

ریسکیو 1122 کے اہلکاروں نے زخمیوں اورجاں بحق افراد کی میتوں کو ہسپتال منتقل کردیا۔ 10 سے زائد افراد جاں بحق ہونے کی تصدیق ہوگئی ہے۔ حکام کا کہنا ہے کہ واقعے کے نتیجے میں زخمی ہونے والے افراد کی تعداد 15 ہے۔

ڈاکٹرز کا کہنا ہے کہ زخمی ہونے والے 15 میں سے بیشتر کی حالت تشویش ناک ہونے کے باعث اموات میں اضافے کا خدشہ ہے۔ ابتدائی تحقیقات کے مطابق مسافر بس کو موڑ کاٹتے وقت حادثہ تیزرفتاری کے باعث پیش آیا۔ واقعے کی مزید تفتیش جاری ہے۔

خیال رہے کہ اس سے قبل نصیر آباد میں باراتیوں کی کوسٹر انڈس ہائی وے پر حادثے کا شکار ہوگئی جس کے باعث 3افراد لقمہ اجل بن گئے۔

ذرائع کا دسمبر کے دوران حادثے کے متعلق کہنا تھا کہ حادثے میں 3 افراد جاں بحق ہو گئے جب کہ دولہا، دلہن سمیت 15 افراد زخمی ہوئے۔جنہیں اسپتال منتقل کردیا گیا۔

Related Posts