ملک کی 16ویں قومی اسمبلی کے نومنتخب اراکین نے حلف اٹھا لیا جن میں مسلم لیگ (ن) کے صدر شہباز شریف، پیپلز پارٹی کے چیئرمین بلاول بھٹو زرداری، نامزد صدر آصف زرداری اور مولانا فضل الرحمٰن سمیت دیگر اہم نام شامل ہیں۔
تفصیلات کے مطابق آج 16ویں قومی اسمبلی کے افتتاحی اجلاس کی صدارت اسپیکر راجہ پرویز اشرف نے کی اور نومنتخب اراکین سے حلف لیا۔ تقریبِ حلف برداری سے قبل پی ٹی آئی کے آزاد اراکین نے احتجاج کیا۔
سنی اتحاد کونسل کے جھنڈے تلے جمع ہونے والے پی ٹی آئی کے حمایت یافتہ آزاد اراکین نے عمران خان کی تصاویر والے بینرز اٹھا رکھے تھے۔ قومی اسمبلی کے نومنتخب اراکین نے حلف اٹھایا اور رول آف ممبر پر دستخط کیے۔
حلف اٹھانے کے بعد نومنتخب اراکینِ قومی اسمبلی نے ایک دوسرے کو مبارک باد دی۔ پیپلز پارٹی سے صدرِ مملکت کے عہدے کے امیدوار آصف علی زرداری پی ڈی ایم کے سربراہ مولانا فضل الرحمٰن کے پاس گئے اور مصافحہ کیا۔
نومنتخب اراکینِ اسمبلی اویس لغاری، نوید قمر، علیم خان، سالک حسین اور دیگر نے رول آف ممبر پر دستخط کردئیے۔ مسلم لیگ (ن)، پیپلز پارٹی، سنی اتحاد کونسل اور جے یو آئی کے اراکین نے اپنے اپنے عہدوں کا حلف اٹھا لیا۔
اس دوران مسلم لیگ (ن) اور سنی اتحاد کونسل کے اراکین نے ایک دوسرے کے خلاف نعرے بازی کی۔ قومی اسمبلی کی جنرل نشستوں کی تعداد 266 ہے۔ ایوان میں خواتین کی مخصوص نشستیں 60 جبکہ اقلیتی نشستیں 10 ہیں۔
گوگل نیوز پر ہمیں فالو کریں








