محمود اچکزئ کی قومی اسمبلی میں دھواں دھار تقریر، عمران خان کی فوری رہائی کا مطالبہ

تازہ ترین

تازہ ترین

پشتونخوا ملی عوامی پارٹی کے چیئرمین محمود خان اچکزئی نے تحریک انصاف کے بانی اور سابق چیئرمین عمران خان کی فوری رہائی کا مطالبہ کر دیا ہے۔

قومی اسمبلی کے اجلاس میں اسپیکر کو مخاطب کرتے ہوئے ان کا کہنا تھا کہ جو حلف آپ سے لیا، ہم سب سے لیا گیا ہے۔ اس میں جو کچھ لکھا ہے، اس پر کب عمل درآمد ہوا ہے؟

ان کا کہنا تھا کہ اسٹیبلشمنٹ آئین کے ساتھ کھلواڑ کر رہی ہے۔ قیام پاکستان کے بعد سے مسلسل جمہوری قوتوں اور غیر جمہوری قوتوں کے درمیان محاذ آرائی اور کشمکش کا سلسلہ جاری ہے۔

ان کا کہنا تھا کہ کوئی احمق فوج اور جاسوسی اداروں کی ضرورت سے انکار نہیں کرسکتا، مگر فوج کو وہی کام کرنا ہوگا، جو آئین فوج کیلئے تجویز کرتا ہے، ورنہ ملک ترقی نہیں کرے گا۔

ان کا کہنا تھا کہ اسٹیبلشمنٹ سیاست میں مداخلت بند کرے، تو سیاستدان اس ملک کو ایشین ٹائیگر بنانے کی صلاحیت رکھتے ہیں اور اسے ایک ترقی یافتہ اسلامی جمہوریہ بھی بنا سکتے ہیں۔

محمود خان اچکزئی نے اسپیکر سے مطالبہ کیا کہ آپ اس ایوان سے چار قراردادیں منظور کروائیں۔ وہ یہ کہ پاکستان کی سیاست میں اسٹیبلشمنٹ کا کردار اب ختم ہونا چاہیے۔ اب تک جتنے بھی ججز نے مارشل لاؤں کی مخالفت اور آئین کا دفاع کیا ہے، انہیں آئین کا ہیرو قرار دیا جائے۔ اب تک جتنے بھی سیاسی کارکنوں نے جمہوریت کیلئے ماریں کھائی ہیں ان کو جمہوریت کا ہیرو قرار دیا جائے۔ اب تک جتنے بھی ججوں نے مارشل لاؤں کا ساتھ دیا ہے ان کی تمام مراعات ضبط کی جائیں۔

ان کا کہنا تھا کہ اس بار عوام کی رائے اور جمہوریت کے ساتھ جو غنڈا گردی کی گئی ہے، اس کی ماضی میں کوئی مثال نہیں ملتی، مگر تمام تر جبر کے ہتھکنڈوں کے باوجود سیاسی کارکنوں نے ان کے تمام منصوبے پر پانی پھیر دیا ہے۔

انہوں نے بانی پی ٹی آئی عمران خان کی رہائی کا مطالبہ کرتے ہوئے کہا کہ عوام نے عمران خان کو مینڈیٹ دیا ہے، اس لیے انہیں رہا کرکے حکومت ان کے حوالے کردی جائے۔

ان کا کہنا تھا کہ فوج اور اداروں کو اب سیاست سے توبہ کرنا ہوگی، ورنہ ہم عوام کی طاقت سے انہیں ان کی چھاؤنیوں میں بند کر دیں گے۔

Related Posts