ایشیا کے امیر ترین شخص مکیش امبانی کے سب سے چھوٹے بیٹے اننت امبانی کی شادی کی تقریبات میں دنیا بھر سے ارب پتی شخصیات اور مختلف ستاروں کی آمد کی وجہ سے یہ شادی پوری دنیا کی توجہ کا مرکز بن ہوئی ہے۔
مکیش امبانی کے بیٹے کی شادی میں انواع اقسام کے کھانے، شوبز شخصیات اور اسپورٹس اسٹارز کے علاوہ رئیس ترین افراد کی شرکت نے اس تقریب کو چار چار چاند لگادیئے ہیں اور دیکھنے والوں کی نظریں دلہن بننے والی رادھیکا مرچنٹ پر لگی ہیں، جو ایک کاروباری خاتون اور ہندوستانی فارماسیوٹیکل ٹائیکون کی بیٹی ہے۔

رادھیکا مرچنٹ ویرن اور شیلا مرچنٹ کی بیٹی ہیں جنہوں نے 2002 میں عالمی دوا ساز کمپنی Encore Healthcare کی بنیاد رکھی۔
رادھیکا مرچنٹ نے 2017 میں نیویارک یونیورسٹی سے گریجویشن کیا۔رادھیکا مرچنٹ اینکور ہیلتھ کیئر کے بورڈ آف ڈائریکٹرز میں میں اپنی بہن انجلی کے ساتھ ملکر کام کررہی ہیں جبکہ ان کی والدہ منیجنگ ڈائریکٹر کے طور پر کام کرتی ہیں۔
رادھیکا مرچنٹ ایک تربیت یافتہ کلاسیکل ڈانسر بھی ہیں اور انہوں نے ممبئی میں شری نبھا آرٹس ڈانس اکیڈمی میں بھرتناٹیم سیکھنے میں آٹھ سال گزارے اور 2022 میں باقاعدہ تربیت مکمل کی۔

یو ایس اے ٹوڈے کے مطابق اننت امبانی اور رادھیکا مرچنٹ نے جنوری 2023 میں ایک روایتی تقریب میں منگنی کی جبکہ دونوں کے حوالے سے اطلاعات ہیں کہ اننت اور رادھیکا بچپن سے ایک دوسرے کو پسند کرتے ہیں۔
مکیش امبانی ریلائنس انڈسٹریز کے چیئرمین اور ایشیا کے سب سے امیر آدمی ہیں، ان کے اثاثوں کی مجموعی مالیت 113اعشاریہ 8 بلین ڈالرہے۔ اننت ریلائنس کے توانائی کے کاروبار میں ڈائریکٹر ہیں، اور اپنے والد کی کمپنی میں مختلف دیگر کرداروں میں کام کرتے ہیں۔

جمعہ کے روز اننت امبانی اور رادھیکا مرچنٹ کی شادی سے پہلے کے تین روزہ تقریبات کا آغاز متعدد ارب پتی شخصیات کی آمد کے ساتھ ہوا، جن میں بل گیٹس اور مارک زکربرگ بھی شامل تھے۔
گوگل نیوز پر ہمیں فالو کریں








