وزیراعظم کی حلف برداری آج، سنی اتحاد کونسل سراپا احتجاج

تازہ ترین

تازہ ترین

وزیراعظم
(فوٹو: فائل)

اسلام آباد: نومنتخب وزیراعظم شہباز شریف آج اپنے عہدے کا حلف اٹھائیں گے جبکہ سنی اتحاد کونسل کے اراکین سمیت اپوزیشن سراپا احتجاج ہے۔

تفصیلات کے مطابق نومنتخب وزیراعظم شہباز شریف کی تقریبِ حلف برداری ایوانِ صدر اسلام آباد میں ہوگی۔ گزشتہ روز شہباز شریف نے سنی اتحاد کونسل کے عمر ایوب کے مقابلے میں 201 ووٹ لیے۔

اتوار کے روز قومی اسمبلی میں اسپیکر ایاز صادق کی زیر صدارت قومی اسمبلی کے ہنگامہ خیز اجلاس میں شہباز شریف ملک کے 33ویں وزیراعظم منتخب ہوئے۔ سنی اتحاد کونسل کے عمر ایوب92ووٹ ہی لے سکے۔

جمعیت علمائے اسلام (ف) نے قومی اسمبلی میں وزیراعظم کے انتخاب کا بائیکاٹ کیا۔ مولانا فضل الرحمٰن گزشتہ روز کراچی پہنچے اور 2024 کے انتخاب کو 2018 سے بھی بڑی دھاندلی قرار دے دیا۔

وزیراعظم کے انتخاب کے دوران اختر مینگل اپنی جگہ بیٹھے رہے اور عمر ایوب یا شہباز شریف میں سے کسی کو بھی ووٹ نہیں دیا۔ شہباز شریف کی تقریر کے دوران سنی اتحاد کونسل کے اراکین نے بھرپور نعرے بازی کی۔

لیگی اراکین گھڑی چور اور سنی اتحاد کونسل کے اراکین ووٹ چور کے نعرے بلند کرتے رہے۔ ایوان مچھلی بازار کا منظر پیش کرنے لگا، تاہم اس دوران شہباز شریف نے انتہائی سکون کے ساتھ اپنی طویل تقریر مکمل کی۔

Related Posts