پی ایس ایل 9 کے 23 ویں میچ میں لاہور قلندرز کی پہلی جیت

تازہ ترین

تازہ ترین

پاکستان سپر لیگ سیزن نائن کے 23 ویں میچ میں لاہور قلندرز نے اسلام آباد یونائیٹڈ کو 17 رنز سے شکست دے دی، رواں ٹورنامنٹ میں لاہور قلندرز کی یہ پہلی کامیابی ہے۔

پنڈی کرکٹ اسٹیڈیم میں کھیلے گئے میچ میں اسلام آباد یونائیٹڈ کے کپتان شاداب خان نے ٹاس جیت کر پہلے بولنگ کا فیصلہ کیا تھا۔

لاہور قلندرز نے پہلے بیٹنگ کرتے ہوئے 20 اوورز میں 7 وکٹوں کے نقصان پر 162 رنز بنائے۔ رسی وین ڈیر ڈوسن 64 رنز اور شاہین آفریدی 30 رنز بناکر نمایاں رہے۔

ہدف کے تعاقب میں اسلام آباد یونائیٹڈ کو اچھا آغاز نہ مل سکا اور صرف 9 کے مجموعی اسکور پر ایلکس ہیلز بغیر کوئی رن بنائے آؤٹ ہوئے پھر دیکھتے ہی دیکھتے 36 رنز کے مجموعی اسکور پر یونائیٹڈ کی پانچ وکٹیں گر گئیں۔

اس کے بعد 38 کے مجموعی اسکور پر کرس جارڈن بھی 7 رنز بنا کر آؤٹ ہوگئے، یوں اسلام آباد یونائیٹڈ کو چھٹے نقصان کا سامنا کرنا پڑا۔ 73 رنز پر اسلام آباد یونائیٹڈ کی ساتویں وکٹ اعظم خان کی صورت میں گری جنہوں نے 29 رنز بنائے۔

نسیم شاہ 27 رنز، حنین شاہ 3 اور رومان رئیس 2 رنز بناکر آؤٹ ہوگئے۔ فہیم اشرف 41 رنز کے ساتھ ناٹ آؤٹ رہے۔

لاہور قلندرز کی طرف سے زمان خان نے 4، شاہین آفریدی نے 2، ڈیوڈ وائس، جہانداد خان اور احسن حفیظ نے ایک، ایک وکٹ حاصل کی۔

پوائنٹس ٹیبل پر اسلام آباد یونائیٹڈ 7 پوائنٹس کے ساتھ چوتھے اور لاہور قلندرز ایک پوائنٹ کے ساتھ چھٹے نمبر پر ہے۔

دونوں ٹیمیں رواں ٹورنامنٹ میں اپنے 7، 7 میچ کھیل چکی ہیں۔ لاہور قلندرز اب تک کوئی میچ نہیں جیت سکی جبکہ اسلام آباد تین میچز میں کامیاب ہوئی ہے۔ دونوں ٹیموں کا ایک، ایک میچ بارش کی نذر ہوگیا تھا۔

Related Posts