سابق نگران وزیر نے خانہ کعبہ میں ملک لوٹنے والوں کو بے نقاب کردیا

تازہ ترین

تازہ ترین

ملکی سیاست میں حکومت یا کسی بھی سیاسی منصب سے سبکدوشی کے بعد پریس کانفرنس کے ذریعے اپنی کارکردگی یا حکومت اور پارٹی کا کچا چٹھا کھولنے کا رواج ہے، تاہم سندھ کے سابق نگران وزیر برائے معدنیات و ذخائر میر خدا بخش مری نے وزارت سے سبکدوشی کے بعد نئی راہ اختیار کی ہے۔

سابق نگران صوبائی وزیر نے نگران حکومت کے خاتمے کے بعد اپنے تجربات کے حوالے سے بات چیت کیلئے پریس کانفرنس یا کسی ٹی وی پروگرام کا رخ کرنے کے بجائے خانہ کعبہ کا انتخاب کیا ہے۔

سوشل میڈیا پر سابق صوبائی وزیر کا ایک ویڈیو کلپ وائرل ہے، جو انہوں نے ہاتھ میں کلام پاک اٹھا کر خانہ کعبہ کے سامنے ریکارڈ کروائی ہے۔ یہ ویڈیو بڑی تیزی سے وائرل ہو رہی ہے۔

سابق نگران وزیر کے بقول وہ یہ ویڈیو پیغام پاکستانی قوم کے نام جاری کر رہے ہیں، اس ویڈیو میں وہ بڑے جذباتی انداز میں اپنی حکومتی مدت کے دوران کے تجربات کی بنیاد پر عوام کے نام پیغام دے رہے ہیں۔

ویڈیو میں میر خدا بخش مری کا کلام پاک اٹھا کر اللہ کو حاضر ناظر کرکے کہنا ہے کہ پاکستان کو بدحالی اور معاشی ابتری کی اس سطح تک پہنچانے کے ذمے دار صرف دو طبقے ہیں، ایک سیاستدان اور دوسرا جج۔

ان کا کہنا ہے کہ ملک کو تمام سیاستدانوں بشمول زردری، نواز شریف، عمران خان، مولانا فضل الرحمن نے مل کر اس حال تک پہنچا دیا ہے۔ ان کا کہنا ہے کہ ان سیاستدانوں نے ہی ملک کو مقروض کر دیا ہے اور عوام کو بھکاری بنا دیا ہے۔

ان کا کہنا ہے کہ سیاستدان اپنے مفادات کیلئے مافیاؤں کو پالتے ہیں اور ان کے تمام غیر قانونی کاموں کو جج سپورٹ کرتے ہیں۔ ان کا کہنا ہے کہ وہ آنے والے دنوں میں پاکستان کو لوٹنے والے کرداروں کے متعلق انکشافات کریں گے۔

Related Posts