وزیر اعلٰی خیبرپختونخوا علی امین گنڈا پور کی 15 رکنی کابینہ نے حلف اٹھالیا۔
آئیے ہم آپ کو صوبے میں مجموعی طور پر پی ٹی آئی کی تیسری حکومت کے ارکان سے متعارف کرائیں۔
معاصر اردو نیوز کی رپورٹ کے مطابق خیبرپختونخوا کابینہ کی 15 رکنی نئی کابینہ میں 11 نئے چہرے شامل ہیں۔ جن میں فضل حکیم سوات، عدنان قادری ضلع خیبر، عاقب اللہ اور فیصل ترکئی صوابی، محمد سجاد کرک، مینہ خان اور قاسم علی شاہ پشاور جبکہ نذیر عباسی ایبٹ آباد، پختون یار بنوں، آفتاب عالم کوہاٹ اور ظاہر شاہ مردان سے شامل ہیں جو پہلی بار وزیر بنے ہیں۔
نومنتخب کابینہ میں 4 تجربہ کار ارکان بھی شامل ہیں جن میں سابق صوبائی وزیر آبپاشی ارشد ایوب ہری پور، سابق وزیر مال شکیل احمد ملاکنڈ، سابق صوبائی وزیر قانون فضل شکور چارسدہ اورسابق وزیر خلیق الرحمان نوشہرہ سے ہیں۔
کئی پارٹی رہنماؤں کے رشتہ دار بھی شامل
رپورٹ کے مطابق خیبرپختونخوا کابینہ میں شامل ارشد ایوب سیاسی خانوادے سے تعلق رکھتے ہیں جو سابق صوبائی وزیر اور موجودہ ایم پی اے اکبر ایوب کے بھائی ہیں جبکہ پی ٹی آئی کے سینئر رہنما عمر ایوب کے کزن ہیں۔
صوابی سے عاقب اللہ بھی کابینہ کا رکن بننے میں کامیاب ہوئے ہیں جو سابق اسپیکر قومی اسمبلی اسد قیصر کے بھائی ہیں۔
عدنان قادری پہلی بار کابینہ کا حصہ بنے ہیں جو سابق وفاقی وزیر مذہبی امور پیر نور الحق قادری کے بھتیجے ہیں۔
کابینہ میں سابق صوبائی وزیر اور موجودہ ایم این اے شہرام ترکئی کے بھائی فیصل ترکئی کو بھی شامل کیا گیا ہے۔
وزیر اعلیٰ کے 5 مشیر
صوبائی کابینہ میں پانچ مشیر بھی شامل کیے گئے ہیں جن میں سید فخر جہاں، مزمل اسلم، محمد علی سیف، مشال اعظم اور زاہد چنگزیب شامل ہیں۔
محمد علی سیف سابق پی ٹی آئی حکومت میں وزیر اعلی کے معاون خصوصی برائے اطلاعات رہ چکے ہیں۔
مزمل اسلم ماہر معاشیات ہیں جو تحریک انصاف کے مرکزی فوکل پرسن برائے معاشی امور رہ چکے ہیں۔
کابینہ میں بیشتر افراد وہ ہیں جو 9 مئی کے بعد قید و بند کی صعوبتیں برداشت کرنے کے باوجود پارٹی کے ساتھ مخلص رہے۔
گوگل نیوز پر ہمیں فالو کریں








