اسلام آباد: نیشنل ڈیزاسٹر مینجمنٹ اتھارٹی نے آنے والے دنوں میں غیر متوقع موسم کے حوالے سے الرٹ جاری کرتے ہوئے کئی علاقوں میں بارش اور برفباری کا امکان ظاہر کیا ہے۔
این ڈی ایم اے کا کہنا ہے کہ ایک ہلکی مغربی لہر بلوچستان کی طرف بڑھنے کی وجہ سے ہلکی سے درمیانی بارش ہو سکتی ہے۔اس دوران گلگت بلتستان، کشمیر اور پوٹھوہار کے علاقوں میں بارش، گرج چمک اور پہاڑوں پر برفباری کا امکان ہے۔
وسطی اور جنوبی پنجاب میں بارش کے علاوہ 8 سے 10 مارچ تک بیشتر علاقوں میں مطلع ابر آلود رہنے کی پیش گوئی کی گئی ہے، پاکستان کے شمالی علاقوں میں برفباری بھی متوقع ہے، جس کے نتیجے میں سڑکیں بند ہو سکتی ہیں، اس لئے سیاحوں کو شمالی علاقوں کا سفر نے کرنے کی تلقین کی گئی ہے۔
10 سے 12 مارچ تک موسم کی پیش گوئی کے مطابق کیچ، گوادر اور کوئٹہ سمیت جنوبی اور شمالی بلوچستان میں بارش اور گرج چمک کے ساتھ بارش کا امکان ہے۔
خیبر پختونخوا اور کشمیر کے مغربی اور بالائی علاقوں میں اسی طرح کے موسمی حالات کی پیش گوئی کی گئی ہے جبکہ ملک کے باقی حصوں میں موسم خشک رہنے کی توقع ہے۔
گوگل نیوز پر ہمیں فالو کریں








