راولپنڈی: کاؤنٹر ٹیررازم ڈیپارٹمنٹ اور پولیس نے اڈیالہ جیل پر حملے کی کوشش ناکام بناتے ہوئے 3 دہشت گردوں کو بارودی مواد اور جیل کے نقشے سمیت گرفتار کرلیا۔
سی پی او راولپنڈی سید خالد ہمدانی کے مطابق سی ٹی ڈی اہلکاروں اور پولیس نے مشترکہ کارروائی کرتے ہوئے تین دہشت گردوں کو جدید ترین ہتھیاروں بشمول دھماکہ خیز مواد، دیسی ساختہ بم اور جیل کا نقشہ سمیت گرفتار کیا۔
انہوں نے بتایا کہ قانون نافذ کرنے والے اداروں نے علاقے میں دہشت گردوں کی موجودگی کی اطلاع ملنے کے بعد مشترکہ کارروائی کی۔
سی پی او نے بتایا کہ گرفتار دہشت گردوں کا تعلق افغانستان سے ہے اور وہ علاقے میں دہشت گردی کی کارروائیاں کرنا چاہتے تھے، انہوں نے بتایا کہ پولیس اور قانون نافذ کرنے والے ادارے اڈیالہ جیل کے ملحقہ علاقے میں سرچ آپریشن کر رہے ہیں۔
یہاں یہ امر قابل ذکر ہے کہ سینٹرل جیل راولپنڈی اس وقت گنجائش سے دوگنا قیدیوں سے بھری ہوئی ہے۔ اڈیالہ جیل میں 2200 قیدیوں کی گنجائش ہے جبکہ اس وقت جیل کے اندر 7 ہزار سے زائد قیدی موجود ہیں۔
واضح رہے کہ سابق وزیراعظم اور پی ٹی آئی کے بانی عمران خان سمیت سابق وزیر خارجہ اور سابق وزیراعلیٰ پنجاب بھی اس وقت اڈیالہ جیل میں قید ہیں۔
گوگل نیوز پر ہمیں فالو کریں








