نارووال سے 3بار رکنِ اسمبلی منتخب ہونے والے رمیش سنگھ اروڑا نے بدھ کے روز پنجاب کابینہ میں شمولیت اختیار کرتے ہوئے بطور وزیرِ اقلیتی امور پنجاب حلف اٹھا لیا ہے جو قیامِ پاکستان کے بعد سے صوبے کے پہلے سکھ وزیر ہوں گے۔
تفصیلات کے مطابق رمیش سنگھ اروڑا جو ننکانہ صاحب میں پیدا ہوئے، سیاست میں آنے سے قبل پاکستان میں ورلڈ بینک کے تخفیفِ غربت پروگرام کیلئے خدمات انجام دے چکے ہیں۔ 2008 میں انہوں نے مجاز فاؤنڈیشن کی بنیاد بھی رکھی تھی۔
حال ہی میں رمیش سنگھ اروڑا کو پاکستان سکھ گردوارہ پربندھک کمیٹی کا سربراہ بنایاگیا۔ رمیش سنگھ کا کہنا ہے کہ قیامِ پاکستان کے بعد یہ پہلی بار ہوگا کہ ایک سکھ کو پنجاب کی کابینہ میں شامل کیا گیا ہو لیکن میں صرف سکھ برادری کانمائندہ نہیں۔
بھارتی میڈیا کو دئیے گئے انٹرویو کے دوران رمیش سنگھ اروڑا نے کہا کہ میں پاکستان میں رہنے والے ہندوؤں اور مسیحیوں سمیت تمام اقلیتوں کیلئے خدمات انجام دوں گا۔ خاص طور پر پنجاب میں میرے پاس اقلیتوں کی فلاح و بہبود کے کئی منصوبہ جات ہیں۔
انٹرویو کے دوران پنجاب کابینہ میں شامل پہلے سکھ وزیر برائے اقلیتی امور نے کہا کہ اگرچہ سکھ میرج ایکٹ منظور ہوچکا ہے لیکن عملدرآمد کا مرحلہ باقی ہے۔ ہم نئی بین المذاہب ہم آہنگی پالیسی لائیں گے جس سے اقلیتوں کو تحفظ کا احساس ہو۔
گوگل نیوز پر ہمیں فالو کریں








