اسلام آباد: وزیراعظم شہباز شریف نے رمضان ریلیف پیکیج کے تحت غریب اور متوسط طبقے کیلئے ساڑھے 7ارب روپے کی سبسڈی دینے کا اعلان کیا ہے۔
تفصیلات کے مطابق وزیر اعظم محمد شہباز شریف کی زیر صدارت بے نظیر انکم سپورٹ پروگرام کے حوالے سے اعلیٰ سطحی اجلاس ہوا۔ اجلاس میں سینیٹر اسحاق ڈار، احد خان چیمہ، شزہ فاطمہ خواجہ، رومینہ خورشید عالم اور دیگر حکام موجود تھے۔
وزیراعظم شہباز شریف کی زیر صدارت اجلاس کے دوران فیصلہ کیا گیا کہ رمضان المبارک میں ملک بھر میں 3 کروڑ 96 لاکھ سے زائد خاندانوں کو بے نظیر انکم سپورٹ پروگرام کے تحت اشیائے خورونوش سستے داموں فراہم کی جائیں گی۔
بینظیر انکم سپورٹ پوروگرام کے تحت اہل 88 فیصد خاندانوں کو آٹا، چاول، دالیں، گھی، خوردنی تیل، چینی اور دودھ سمیت 19 اشیاء خورونوش بازار سے بارعایت فراہم کی جائیں گی۔آٹے کے 20 کلو تھیلے پر 77 روپے فی کلو تک کی رعایت دی جائے گی۔
اجلاس کے دوران فیصلہ ہوا کہ گھی پر 70 روپے فی کلو سبسڈی دی جائے گی، رمضان ریلیف پیکیج ملک بھر میں قائم 4 ہزار 775 یوٹیلیٹی سٹور کے ذریعے مستحق خاندانوں میں تقسیم کیا جائے گا۔ وزیراعظم نے کہا کہ اشیائے خوردونوش کم قیمت پر فراہم کریں گے۔
وزیراعظم شہباز شریف کا کہنا تھا کہ رمضان المبارک میں غریب و متوسط خاندانوں کو اشیائے خورونوش کی بازار سے کم قیمت پر فراہمی حکومت کی اولین ترجیح ہے۔ رمضان پیکیج میں تقسیم کی جانے والی اشیاء کا معیار جانچا جائے گا۔
دورانِ اجلاس وزیراعظم نے کہا کہ رمضان پیکیج کے حصول کیلئے آنے والے مستحق افراد کو کسی قسم کی پریشانی کا سامنا نہ ہو۔رمضان المبارک کے دوران مصنوعی مہنگائی اور ذخیرہ اندوزی کے خلاف سخت قانونی کارروائی یقینی بنائیں گے۔
اس کے علاوہ وزیراعظم نے رمضان میں ہی بینظیر انکم سپورٹ پروگرام کے تحت 10 ہزار 500 روپے کی سہ ماہی قسط مستحق افراد میں جبکہ اضافی 2 ہزار روپے فی خاندان بلوچستان کے مستحق افراد میں تقسیم کرنے کی بھی ہدایت کی۔
گوگل نیوز پر ہمیں فالو کریں








