ایل پی جی بلیک مارکیٹنگ، سرکاری ریٹ257 کی جگہ 310 فی کلو گیس کی فروخت جاری

تازہ ترین

تازہ ترین

عوام کی چیخ
(فوٹو: جی این این)

کراچی: ملک بھر میں رمضان کی آمد سے قبل گیس غائب ہونے کے باعث گیس کی لوڈ شیڈنگ جاری ہے جبکہ اس دوران ایل پی جی کی قیمت بھی بڑھا دی گئی ہے۔

تفصیلات کے مطابق رمضان المبارک سے 2 روز قبل ہی ایل پی جی کی قیمت میں ہوش ربا اضافہ ہوا۔ چیئرمین ایل پی جی انڈسٹریز ایسوسی ایشن عرفان کھوکھر کا کہنا ہے کہ قیمتوں میں اضافہ ایل پی جی کوٹہ ہولڈرز اور امپورٹرز کے گٹھ جوڑ سے ہورہا ہے۔

اپنے حالیہ بیان میں چیئرمین ایل پی جی انڈسٹریز ایسوسی ایشن عرفان کھوکھر نے کہا کہ ایک ہی ہفتے کے دوران اوگرا کے نوٹیفکیشن کے بغیر دوسری بار ایل پی جی کی قیمت میں 30 روپے فی کلو کا اضافہ بلا جواز ہے جبکہ سرکاری قیمت 257 روپے فی کلو ہے۔

چیئرمین ایل پی جی انڈسٹریز ایسوسی ایشن نے کہا کہ ملک بھر میں ایل پی جی 310 روپے فی کلو جبکہ پہاڑی علاقوں میں 360روپے فی کلو فروخت ہونے لگی ہے۔ قیمت میں اضافے کے بعد گھریلو سلنڈر کی فروخت 3030 کی بجائے 3700 میں کی جارہی ہے۔

عرفان کھوکھر نے کہا کہ گیس مافیا کے سامنے اوگرا، ایل پی جی ڈسٹری بیوٹرز اور دکاندار بے بس ہیں جبکہ 2 بڑے جہاز ایل پی جی لے کر پاکستان پہنچے ہیں۔ پاک ایران سرحد پر وافر مقدار میں ایل پی جی موجود ہے۔ ملک بھر میں ایل پی جی کی مصنوعی قلت پیدا کی گئی ہے۔

انہوں نے کہا کہ رمضان المبارک سے قبل بلیک مارکیٹنگ کرنے والی کمپنیوں کے خلاف کارروائی کی جائے۔ وزیر اعظم شہباز شریف ایل پی جی کی بڑھتی ہوئی قیمتوں کا فوری نوٹس لیں۔ رمضان المبارک میں ایل پی جی کی سرکاری قیمت پر سپلائی یقینی بنائی جائے۔

Related Posts