چیئرمین مرکزی رویتِ ہلال کمیٹی مولانا عبدالخبیر آزاد نے رمضان المبارک کا چاند دیکھنے کیلئے رویتِ ہلال کمیٹی کا اجلاس طلب کر لیا ہے جس کے دوران چاند نظر آنے یا نہ آنے کا اعلان کیا جائے گا۔
تفصیلات کے مطابق ماہِ صیام کا چاند دیکھنے کیلئے مرکزی رویتِ ہلال کمیٹی کا اجلاس پیر کو طلب کیا گیا ہے۔ چیئرمین مولانا عبدالخبیر آزاد مرکزی رویتِ ہلال کمیٹی کے اجلاس کی صدارت کریں گے جس کے دوران عوام کو چاند نظر آنے سے متعلق بتایا جائے گا۔
مرکزی رویتِ ہلال کمیٹی اجلاس کے دوران چاند کی رویت کیلئے علمائے کرام کی رائے لی جائے گی۔ زونل اور ضلعی رویتِ ہلال کمیٹیوں کے اجلاس بھی پیر کے روز اپنے اپنے مقامات پر ہوں گی جبکہ سعودی عرب میں یکم رمضان المبارک پیر کے روز ہونے کی توقع ہے۔
سربراہ فلکیاتی علوم شرف السفیانی کا سعودی عرب میں رویتِ ہلال کے حوالے سے کہنا ہے کہ سعودی عرب میں فلکی اعتبار سے رمضان المبارک کا بابرکت مہینہ پیر کے روز شروع ہوگا۔ رمضان کے چاند کی پیدائش 10مارچ کو دوپہر 12 بجے ہوگی۔
خیال رہے کہ ہر سال رمضان المبارک کی آمد کے موقعے پر رویتِ ہلال کمیٹی کا اجلاس طلب کیا جاتا ہے۔ عمران خان دور میں سابق وزیرِ سائنس و ٹیکنالوجی فواد چوہدری نے یہ روایت ختم کرنے کیلئے سائنس کا سہارا لینے کی کوشش کی جو ناکام ہوئی تھی۔
گوگل نیوز پر ہمیں فالو کریں








