اسلام آباد: نومنتخب صدرِ مملکت آصف علی زرداری اپنے عہدے کا حلف آج اٹھائیں گے۔ چیف جسٹس آف پاکستان جسٹس قاضی فائز عیسیٰ نئے صدر سے حلف لیں گے۔
حلف برداری کی تقریب آج سہ پہر 4بجے ایوانِ صدر میں ہوگی۔ قومی تاریخ میں آصف علی زرداری وہ پہلے سیاست دان ہیں جنہیں دو بار صدرِ مملکت منتخب کیا گیاجبکہ انہوں نے گزشتہ روز صدرِ مملکت کے انتخاب کیلئے مقابلہ بھاری اکثریت سے جیتا۔
ہفتے کے روز ہونے والے صدارتی انتخاب کے دوران قومی و صوبائی اسمبلیوں سے آصف علی زرداری کو 411 الیکٹورل ووٹ ملے۔ سنی اتحاد کونسل کے نامزد صدارتی امیدوار محمود خان اچکزئی آصف زرداری کے مقابلے میں 181ووٹ لے سکے۔
شریک چیئرمین پی پی پی آصف علی زرداری کی جیت پر جیالوں نے جشن منایا اور آتش بازی کا مظاہرہ بھی کیا گیا۔ اراکینِ قومی اسمبلی نے سابق وزیرخارجہ بلاول بھٹو زرداری سے ملاقات کرکے انہیں آصف زرداری کے صدر منتخب ہونے کی مبارکباد دی۔
بعد ازاں وزیراعظم شہباز شریف نے نومنتخب صدر آصف علی زرداری سے ملاقات کی اور ملک کی سیاسی صورتحال پر تبادلۂ خیال کرتے ہوئے کہا کہ آصف علی زرداری وفاق کی مضبوطی کی علامت ہوں گے اور اپنی آئینی ذمہ داریاں احسن طریقے سے انجام دیں گے۔
گوگل نیوز پر ہمیں فالو کریں








