خیبر پختونخوا کے صوبائی دارالحکومت پشاور میں دھماکے کے نتیجے میں 2 افراد جاں بحق جبکہ 1 زخمی ہوگیا ہے۔ دھماکے کی وجوہات پر تفتیش شروع کردی گئی۔
یہ افسوسناک واقعہ پشاور کے علاقے بورڈ بازار میں پیش آیا جہاں زوردار دھماکے کے نتیجے میں 2 افراد جاں بحق ہوئے۔ ایک زخمی شخص اور جاں بحق افراد کی میتیں ہسپتال منتقل کردی گئیں۔
پشاور پولیس کا کہنا ہے کہ زخمی شخص کی حالت تشویشناک ہے۔ ابتدائی تحقیقات کے دوران پولیس کو دھماکا خود کش ہونے کا شبہ تھا، تاہم بم ڈسپوزل یونٹ کی رپورٹ نے یہ تاثر مسترد کردیا۔
ایس ایس پی کاشف آفتاب عباسی نے کہا کہ دھماکے میں 4 سے 5کلو بارودی مواد استعمال ہوا جبکہ دھماکا بارودی مواد کی منتقلی کے دوران ہوا اور مواد منتقل کرنے والے 2 افراد ہلاک جبکہ 1زخمی ہوا۔
وزیراعظم شہباز شریف اور وزیر اعلیٰ کے پی کے علی امین گنڈا پور نے بورڈبازار دھماکے کی مذمت کرتے ہوئے ذمہ داروں کو کیفر کردار تک پہنچانے کی ہدایت کی۔ وزیر اعلیٰ نے آئی جی پولیس سے دھماکے پر رپورٹ بھی طلب کی۔
گوگل نیوز پر ہمیں فالو کریں








