رات سے جاری بارش کے باعث گوادر میں نشیبی علاقے زیرِ آب آگئے، محکمۂ موسمیات نے بلوچستان کے 28اضلاع میں بارشوں اور کراچی میں بوندا باندی کی پیشگوئی کی ہے۔
تفصیلات کے مطابق محکمۂ موسمیات کا کہنا ہے کہ آئندہ 24 گھنٹوں کے دوران کراچی میں مطلع ابر آلود رہے گا جبکہ شہر کے مختلف علاقوں میں آج اور کل ہلکی پھلکی بارش کا امکان ہے۔
محکمۂ موسمیات کا کہنا ہے کہ آج شہرِ قائد کا کم از کم درجۂ حرارت 19.5 ڈگری سینٹی گریڈ رہا جبکہ زیادہ سے زیادہ پارہ 32 سینٹی گریڈ تک جاسکتا ہے۔اس وقت کراچی میں جنوب مشرق سے ہوائیں چل رہی ہیں۔
ماہرینِ موسمیات کا کہنا ہے کہ دن کے اوقات میں ہواؤں کی رفتار 18 کلومیٹر فی گھنٹہ تک جاسکتی ہے۔ ہلکی پھلکی بارش اور بوندا باندی سے موسم خوشگوار ہونے کا امکان ہے۔
دوسری جانب رات گئے سے گوادر سمیت بلوچستان کے مختلف علاقوں میں بارش ہوئی اور نشیبی علاقے زیرِ آب آگئے۔ تیز بارش کے نتیجے میں سڑکوں پر جگہ جگہ پانی کھڑا ہوگیا۔
بلوچستان کے دیہی علاقوں میں موسلا دھار بارش کے باعث چوڑ، زہران اور سیسدی کے علاوہ گردونواح کے نشیبی علاقے پانی میں ڈوب گئے جبکہ دشت کا زمینی رابطہ دیگر علاقوں سے ٹوٹ گیا ہے۔
گوگل نیوز پر ہمیں فالو کریں








