کراچی کے علاقے نارتھ ناظم آباد سے لاپتہ ہونے والے کمسن بہن بھائی ایان اور انابیہ کی مکمل کفالت گورنر سندھ کریں گے۔ کامران ٹیسوری نے دونوں بچوں کی کفالت کی ذمہ داری لے لی۔
نجی ٹی وی (ایکسپریس نیوز) کی رپورٹ کے مطابق کامران ٹیسوری نے ایان اور انابیہ کی کفالت اور تعلیمی اخراجات برداشت کرنے کا اعلان گورنر ہاؤس میں افطار کے موقعے پر بچوں سے ہونے والی ملاقات کے دوران کیا۔
دعوتِ افطار کے دوران گفتگو کرتے ہوئے گورنر سندھ نے 11 اور 12 سالہ ایان اور انابیہ کی خیریت دریافت کی اور دونوں بہن بھائی کی کفالت کا اعلان کرتے ہوئے کہا کہ ایسے تمام بچے جن کے والدین میں علیحدگی ہو، اپنے مسائل کے حل کیلئے رابطہ کریں۔
گزشتہ روز کراچی کے علاقے نارتھ ناظم آباد سے لاپتہ ایان اور انابیہ رات کو 12 بجے سے غائب تھے، پولیس نے سوشل میڈیا پوسٹ اور میڈیا کی جانب سے آواز اٹھائے جانے کے بعد پھرتی کا مظاہرہ کیا۔ اگلے ہی روز دونوں بہن بھائی دوپہر 3 بجے برآمد ہوئے۔
خیال رہے کہ ایان اور انابیہ کے والدین میں 8سال قبل علیحدگی ہوئی۔ ایان نے شکایت کی کہ نانی کے ہاں بدسلوکی ہوتی ہے۔ بچوں کی گمشدگی کے موقعے پر ماموں نے پولیس کو آگہی دی کہ دونوں بہن بھائی رات کے وقت گھر سے گئے تھے۔
گوگل نیوز پر ہمیں فالو کریں








