رمضان المبارک کے پہلے ہفتے کے اندر ہی مسجد نبوی ﷺ میں آنے والے زائرین کی تعداد 50 لاکھ سے تجاوز کرگئی۔
حرمین شریفین کی انتظامیہ کے مطابق ایک ہفتے میں 52 لاکھ 25 ہزار 231 زائرین کی مسجد نبوی ﷺ میں آمد ہوئی۔
حرمین شریفین انتظامیہ نے بتایاکہ 41 لاکھ 4 ہزار 878 زائرین نے روضہ رسول ﷺ پر سلام اور درود پیش کیا جبکہ ایک لاکھ 34 ہزار 447 مرد اور ایک لاکھ 7 ہزار 697 خواتین نے ریاض الجنہ میں نماز ادا کی۔
انتظامیہ کے مطابق مسجد نبوی ﷺ کےاندرونی اور بیرونی حصے میں دنیا کے سب سے بڑے افطار دسترخوان کا اہتمام کیا جاتا ہے جس میں ماہِ صیام کے پہلے ہفتے کے دوران زمزم کی ایک لاکھ 44 ہزار بوتلیں اور 15 ہزار 243 افطار بکس تقسیم کیے گئے۔
دوسری جانب سعودی عرب میں جاری قومی خیراتی مہم کے “احسان” کے آغاز کے پہلے ہی منٹوں میں خادم حرمین شریفین شاہ سلمان بن عبدالعزیز نے 40 ملین ریال جبکہ ولی عہد شہزادہ محمد بن سلمان نے 30 ملین ریال کا عطیہ دیا۔
اس مہم کا آغاز اس جمعہ کی شام 10:30 بجے خیراتی سرگرمیوں کی توسیع اور رمضان کے مقدس مہینے میں زیادہ سے زیادہ صدقہ خیرات مہم کے طور پر کیا گیا تھا، جب کہ مہم کے آغاز کے بعد پہلے گھنٹے میں عطیات 206 ملین ریال سے زیادہ ہو گئے۔
گوگل نیوز پر ہمیں فالو کریں








