وزیرستان آپریشن کے دوران کمانڈر صحرا جانان سمیت 8دہشت گرد ہلاک

تازہ ترین

تازہ ترین

(فوٹو: آن لائن)

شمالی وزیرستان میں سکیورٹی فورسز نے آپریشن کے دوران کمانڈر صحرا عرف جانان سمیت 8 دہشت گردوں کو ہلاک کردیا ہے۔

پاک فوج کے شعبۂ تعلقاتِ عامہ (آئی ایس پی آر) کے جاری کردہ بیان کے مطابق سکیورٹی فورسز نے شمالی وزیرستان میں دہشت گردوں کی موجودگی کی خفیہ اطلاع پر کارروائی کرتے ہوئے آپریشن کا آغاز کیا جو گزشتہ شب ہوا۔ دو طرفہ فائرنگ کے تبادلے میں 8دہشت گردوں کو ہلاک کیا گیا۔

ترجمان پاک فوج (آئی ایس پی آر) کے بیان کے مطابق ہلاک دہشت گردوں میں ہائی ویلیو ٹارگٹ دہشت گرد کمانڈر صحرا عرف جانان بھی شامل تھا جس پر 16 مارچ کو میر علی میں سکیورٹی فورسز کی پوسٹ پر حملے میں ملوث ہونے کا الزام ہے جو قانون نافذ کرنے والے اداروں کو انتہائی مطلوب بھی رہا۔

آج سے 2 روز قبل وزیرستان کے علاقے میر علی میں دہشت گردوں نے پاک فوج کی چیک پوسٹ پر حملہ اور کئی خودکش حملے کیے۔ مسلسل دہشت گرد حملوں کے نتیجے میں کیپٹن اور لیفٹیننٹ کرنل سمیت 5 فوجی جوان شہید ہو گئے، جس پر پاک فوج نے آپریشن کا آغاز کیا۔

گزشتہ روز چکلالہ گیریژن میں وزیرستان میں شہید ہونے والے کیپٹن اور لیفٹیننٹ کرنل کی نمازِ جنازہ ادا کی گئی جس میں صدرِ مملکت آصف علی زرداری آرمی چیف جنرل عاصم منیر، وزیر داخلہ محسن نقوی، چیئرمین جوائنٹ چیفس آف اسٹاف کمیٹی جنرل ساحر شمشاد مرزا سمیت دیگر نے شرکت کی۔

Related Posts