کراچی: ایم کیو ایم کے 40ویں یومِ تاسیس کے موقعے پر سربراہ متحدہ قومی موومنٹ (پاکستان) خالد مقبول صدیقی کا کہنا ہے کہ متحدہ کی باگ ڈور نوجوان سنبھالیں گے اور متحدہ کبھی بوڑھی نہیں ہوگی۔
تفصیلات کے مطابق کراچی میں ایم کیو ایم کے یومِ تاسیس کے حوالے سے منعقدہ تقریب سے خطاب کے دوران کنوینر ایم کیو ایم خالد مقبول صدیقی نے کہا کہ 40سال کے بعد بھی ایم کیو ایم متحرک، مضبوط اور منظم ہے۔ یہ منزل کی طرف جانے والا راستہ ہے۔ متحدہ ملک میں غریبوں اور مجبوروں کی امید ہے۔
خطاب کے دوران سابق وفاقی وزیر خالد مقبول صدیقی نے کہا کہ متحدہ محکوموں کی آس ہے۔ ہمارا چالیسواں یومِ تاسیس اے پی ایم ایس او کی عبارت ہے۔ نوجوان نسل نے لہو سے چراغ روشن کیے، مائیں بہنیں تنظیم کے برے وقت میںن ساتھ رہیں۔ 11 جون کو طلبہ تنظیم کی بنیاد رکھی گئی جسے اے پی ایم ایس او کہتے ہیں۔
سابق وزیر خالد مقبول صدیقی نے کہا کہ آج 11 جون 1978 کو اے پی ایم ایس او کی بنیاد رکھنے والوں میں سے کئی لوگ ہمارے درمیان موجود ہیں۔ ایم کیو ایم کے یومِ تاسیس پر اے پی ایم ایس او کی تنظیمِ نو ہوئی۔ آپ کی ذمہ داری اے پی ایم ایس او کو مضبوط اور منظم کرنا ہے۔ ایم کیو ایم بوڑھی نہیں ہوگی۔
اس موقعے پر گفتگو کرتے ہوئے سابق وزیرِ سائنس و ٹیکنالوجی امین الحق نے کہا کہ ہم اے پی ایم ایس او کے تمام ساتھیوں کو خراجِ تحسین پیش کرتے ہیں۔ خالد بھائی اور فیصل بھائی کے دور میں اے پی ایم ایس او کو پروان چڑھنے کا موقع ملا۔ بعد ازاں رہنما ایم کیو ایم سیّد امین الحق نے اے پی ایم ایس او کی مرکزی کمیٹی کا اعلان کردیا۔
گوگل نیوز پر ہمیں فالو کریں








