ابوظہبی: متحدہ عرب امارات کی حکومت نے اسرائیل سمیت 87 ممالک کو ویزا آن ارائیول کی سہولت دے دی ہے جبکہ پاکستان اس فہرست میں جگہ بنانے میں کامیاب نہ ہوسکا۔
خبر رساں ادارے (اے پی پی) کے مطابق اماراتی وزارتِ خارجہ نے ویزا استثنیٰ پالیسی کے تحت 87 ممالک کو پیشگی ویزا کے استثنیٰ کی فہرست میں شامل کیا جس کا مقصد سیاحوں کیلئے سفرآسان بنانا تھا۔ گلف نیوز کا کہنا ہے کہ جی سی سی کے شہریوں کو عرب امارات کے دورے کیلئے ویزا یا اسپانسرشپ کی ضرورت نہیں۔
جی سی سی شہری عرب امارات میں داخلے پر جی سی سی ریاست کی جانب سے جاری کردہ پاسپورٹ یا شناختی کارڈ دکھا کر ملک میں داخل ہوسکیں گے۔ تمام 87 ممالک کی فہرست جاری کردی گئی جن کے شہری عرب امارات پہنچتے ہی موقعے پر ویزا حاصل کرسکیں گے جن پر پیشگی ویزا کے حصول کی شرط کا اطلاق نہیں ہوگا۔
اہل قرار دئیے گئے افراد کو عرب امارات آمد پر 10روز کی رعایتی مدت کے ساتھ 30دن کا انٹری ویزا مل سکے گا۔ منتخب ممالک کے شہریوں کو یو اے ای میں داخلے کے وقت 90روز تک کا ویزا مل سکے گا۔ جن ممالک کو پیشگی ویزا سے استثنیٰ حاصل ہے ان میں ارجنٹینا، البانیہ، انڈورا، آسٹریا، آسٹریلیا اور آذربائیجان شامل ہیں۔
پیشگی ویزا سے استثنیٰ رکھنے والے ممالک میں بارباڈوس، بحرین، برازیل، بیلجیئم، بیلاروس، بلغاریہ، کینیڈا، چلی، کولمبیا، چین، کروشیا، کوسٹا ریکا، جمہوریہ چیک، قبرص، ال سلواڈور، ڈنمارک، فن لینڈ، ایسٹونیا، جارجیا، فرانس، ہنگری، جرمنی، آئس لینڈ، ہانگ کانگ، اٹلی، اسرائیل، قازقستان، جاپان اور کویت بھی شامل ہیں۔
استثنیٰ کے حامل ممالک کی فہرست میں لتھوانیا، لٹویا، مالدیپ، ملائشیا، ماریشس، مالٹا، میکسیکو، مونٹی نیگرو، موناکو، نیوزی لینڈ، عمان، ناروے، پیراگوئے، پولینڈ، پیرو، قطر، پرتگال، رومانیہ، آئرلینڈ، روس، سعودی عرب، سربیا، سنگاپور، سلووینیا، جنوبی کوریا، اسپین، سویڈن اور سوئٹزرلینڈ بھی شامل ہیں،
فہرست میں نیدر لینڈز، امریکا، برطانیہ، یوکرین، یورا گوئے، بوسنیا ہرزیگوینا، آرمینیا، کوسوو اور فجی سمیت دیگر ممالک شامل ہیں جبکہ پاکستان اس فہرست میں جگہ بنانے میں کامیاب نہ ہوسکا۔ اسرائیل کے غزہ پر جاری حملوں کے دوران 31ہزار عربی بولنے والے فلسطینیوں کی شہادت کے بعد یہ فیصلہ حیران کن سمجھا جارہا ہے۔
گوگل نیوز پر ہمیں فالو کریں








