ویسٹ انڈیز ٹیم کے سابق کپتان اور پشاور زلمی کے ہیڈ کوچ ڈیرن سیمی نے بھی پاکستان کرکٹ بورڈ (پی سی بی) کی جانب سے قومی کرکٹ ٹیم کا ہیڈ کوچ بنائے جانے کی پیشکش کو مسترد کردیا ہے۔
موقر معاصر جنگ نے دی نیوز کے حوالے سے کہا ہے کہ ڈیرن سیمی پی ایس ایل 9 کیلئے پشاور زلمی کے ہیڈ کوچ تھے تاہم ڈیرن سیمی نے پاکستان مینز کرکٹ ٹیم کا ہیڈ کوچ بننے کی پی سی بی کی پیشکش قبول کرنے سے انکار کر دیا ہے۔
بتایا جارہا ہے کہ ڈیرن سیمی کے انکار کی وجہ ان کا ویسٹ انڈیز بورڈ کے ساتھ ہوا موجودہ معاہدہ ہے جس میں وہ ون ڈے انٹرنیشنلز اور ٹی ٹونٹی میں سائیڈ ہیڈ کوچ کے طور پر اپنی خدمات انجام دے رہے ہیں۔
یہ پیشرفت اس وقت سامنے آئی ہے جب سابق آسٹریلوی بالر شین واٹسن پی سی بی کی ہیڈ کوچ بنائے جانے کی پیشکش مسترد کرنے کے بعد دو روز قبل اپنے وطن واپس لوٹ گئے ہیں۔
ذرائع کا کہنا ہے شین واٹسن نے کراچی میں جاری پی ایس ایل میچز کے دوران پی سی بی حکام سے تفصیلی بات چیت کی تھی، اسی دوران پی سی بی نے انہیں ہیڈ کوچ کے عہدے کی پیشکش کی جس کیلئے سابق کرکٹر نے پیشکش میں شرائط طے کرتے ہوئے ابتدائی طور پر دلچسپی ظاہر کی تھی تاہم 2 ملین ڈالر کی مبینہ پیشکش کے باوجود واٹسن نے میڈیا پر پی سی بی کے مجوزہ پیکج سے متعلق معلومات لیک ہونے کے باعث پیشکش مسترد کر دی۔
سابق آسٹریلین آل راؤنڈر نے انکار کیلئے انڈین پریمیئر لیگ (آئی پی ایل) کی کمنٹری اور میجر لیگ کرکٹ ٹیم سان فرانسسکو یونیکورنز کے ہیڈ کوچ کے عہدے کا بھی حوالہ دیا۔
سیمی اور واٹسن دونوں کے ہیڈ کوچ کی دوڑ سے باہر ہونے کے بعد پی سی بی نیوزی لینڈ کے خلاف 14 اپریل سے شروع ہونے والی ٹی ٹونٹی سیریز سے قبل اور 25 مارچ سے 8 اپریل تک کاکول میں ہونے والے تربیتی کیمپ کے دوران قومی ٹیم کی نگرانی کے لیے عبوری انتظامات پر غور کر سکتا ہے۔
گوگل نیوز پر ہمیں فالو کریں








