کراچی میں بائیک چوری میں ملوث کم عمر لڑکوں کا گینگ گرفتار

تازہ ترین

تازہ ترین

فوٹو پاک وہیل

کراچی کی گلبہار پولیس نے موٹر سائیکل چوری میں ملوث 4 کم عمر ملزمان کو گرفتار کر کے مسروقہ موٹر سائیکل برآمد کرلی۔ 

ایس ایچ او گلبہار امجد کیانی کے مطابق پولیس کو علاقہ مکینوں نے موٹر سائیکل لفٹنگ میں ملوث 4 ملزمان کو پکڑ کر پولیس کے حوالے کیا ہے، ملزمان کے قبضے سے گلبہار تھانے کی حدود سے چوری کی گئی مسروقہ موٹر سائیکل بھی برآمد ہوئی ہے جس کا مقدمہ تھانے میں درج ہے۔

ایس ایچ او کے مطابق ملزمان کی شناخت 12 سالہ انس، 14 سالہ محمد علی، 15 سالہ عبدالرحمٰن اور 17 سالہ فائق کے نام سے کی گئی جو گلبہار فردوس کالونی کے رہائشی اور موٹر سائیکلیں چوری کرنے کی متعدد وارداتوں میں ملوث بھی بتائے جاتے ہیں۔

پولیس کے مطابق ملزمان نے انکشاف کیا ہے کہ موٹر سائیکل لفٹنگ میں دیگر کم عمر نوجوان بھی ملوث ہیں تاہم اس حوالے سے پولیس گرفتار ملزمان سے مزید تفتیش کر رہی ہے۔

امجد کیانی نے والدین سے اپیل کی ہے کہ وہ اپنے بچوں کی نقل و حرکت کے ساتھ ساتھ ان کی سرگرمیوں پر بھی کڑی نگاہ رکھیں تاکہ کم عمر بچوں کو جرائم پیشہ عناصر کے ہاتھوں استعمال ہونے اور کسی بھی غیر قانونی عمل سے انھیں محفوظ رکھا جا سکے۔

Related Posts