اسلام آباد کے شکر پڑیاں گراؤنڈ میں یومِ پاکستان کی مناسبت سے مسلح افواج کی پریڈ جاری ہے جس میں بری، بحری اور فضائی افواج کے دستے شریک ہیں۔ تقریب میں صدرِ مملکت آصف علی زرداری ، وزیراعظم شہباز شریف اور عسکری قیادت شریک ہے۔
یومِ پاکستان کی مناسبت سے ہونے والی پریڈ کی تقریب میں آرمی چیف جنرل سیّد عاصم منیر، وائس چیف آف ائیر اسٹاف ائیر مارشل حامد رشید رندھاوا، نیول چیف ایڈمرل نوید اشرف اور چیئرمین جوائنٹ چیفس آف اسٹاف کمیٹی جنرل ساحر شمشاد مرزا کے علاوہ غیر ملکی سفارت کار، اراکینِ اسمبلی، وزراء اور کابینہ اراکین بھی شامل ہیں۔
پاک فوج نے دن کے آغاز پر اسلام آباد میں 31 جبکہ کوئٹہ، پشاور، لاہور اور کراچی میں 21، 21 توپوں کی سلامی دی۔ یومِ پاکستان کی پریڈ کے موقعے پر جنگی ہتھیاروں کی نمائش ہوئی۔ ائیر فورس کے جدید ترین طیاروں نے فلائی مارچ پاسٹ کا مظاہرہ کیا۔ بری ، بحری اور فضائی افواج نے سلامی پیش کی۔
ونگ کمانڈر حسن صدیقی نے ایف 16لڑاکا طیاروں کے شاندار مظاہرے کی قیادت کی۔ پریڈ میں ایف 17 پی جی چیتا لڑاکا، جدید ترین لڑاکا طیارے جے 10 سی اور پاک فضائیہ کے ٹرانسپورٹ طیارے سی ون 30 شامل تھے۔ جدید ترین جاسوسی نظام سے لیس طیاروں نے بھی شاندار فضائی مظاہرے پیش کیے۔
گوگل نیوز پر ہمیں فالو کریں








