وفاقی حکومت نے اسلامی ترقیاتی بینک سے 20 کروڑ ڈالر قرض کا معاہدہ کیا ہے جبکہ معاہدے پر دستخط سیکریٹری اقتصادی امور اور ڈائریکٹر آئی ایس ڈی بی نے کیے۔
نجی ٹی وی (اے آر وائی) کی رپورٹ کے مطابق اکنامک افیئر ڈویژن قرض سے حاصل ہونے والی رقم سیلاب سے متاثرہ گھروں کی تعمیر، صاف پانی اور صحت کی سہولیات پر خرچ کرنے کا ارادہ رکھتا ہے جس کے نتیجے میں ملک بھر کے 17 لاکھ سے زائد افراد کے حالاتِ زندگی بہتر ہوسکیں گے۔
گزشتہ روز اسلامی ترقیاتی بینک کا وفد 3 روزہ دورے کیلئے اسلام آباد پہنچا تو وزیرِ اقتصادی امور احد خان چیمہ نے ڈائریکٹر اسلامی ترقیاتی بینک کو خوش آمدید کہا۔ اکنامک افیئر ڈویژن کا کہنا ہے کہ احد خان چیمہ نے 2022 میں آنے والے تباہ کن سیلاب کے دوران اسلامی ترقیاتی بینک کی جانب سے 4ارب 20کروڑ ڈالرز کے وعدے کو سراہا۔
اکنامک افیئر ڈویژن کے مطابق وزیر اقتصادی امور نے سیلاب زدہ افراد کی امداد کیلئے آئی ایس ڈی بی کے تعاون کی تعریف کی۔ اسلامی ترقیاتی بینک اور پاکستان کے مابین آئی ایس ڈی بی کے کنٹری انگیجمنٹ فریم ورک کا تبادلہ اور فریم ورک میں 2025 تک وسط مدتی اسٹرٹیجک سمتوں اور ترجیحات کا خاکہ پیش کیا گیا جس میں معیشت کی بحالی شامل ہے۔
فریم ورک کے تحت اسلامی ترقیاتی بینک پاکستان میں غربت سے نمٹنے اور معاشی نمو کو بڑھانے کیلئے تعاون کرے گا۔ حکومتِ پاکستان نے مستقبل میں آئی ایس ڈی بی کے ساتھ باہمی تعلقات کو مزید مضبوط بنانے کے عزم کا اعادہ کیا۔ یاد رہے کہ وفاقی حکومت آئندہ ماہ آئی ایم ایف کو طویل قرض پروگرام کی درخواست دینے کا اعلان کرچکی ہے۔
گوگل نیوز پر ہمیں فالو کریں








