اسلام آباد: صدرِ مملکت آصف علی زرداری اور وزیراعظم پاکستان شہباز شریف نے یومِ پاکستان کے موقعے پر قوم کو مبارکباد دی ہے۔
تفصیلات کے مطابق یومِ پاکستان کے موقعے پر ملک کیلئے نیک خواہشات کا اظہار کرتے ہوئے صدرِ مملکت آصف علی زرداری نے کہا کہ آج تاریخی قراردادِ پاکستان کی منظوری کو یاد کرنے کا دن ہے ، 23 مارچ 1940ء کے روز آزاد وطن پاکستان کی بنیاد رکھی گئی۔ آئیے اپنے گزشتہ سفر پر غور کیجئے اور من حیث القوم اپنی کامیابیوں کا جشن منائیے۔
قوم کے نام اپنے پیغام میں صدرِ مملکت نے کہا کہ قراردادِ پاکستان سے 14اگست 1947ء کو قیامِ پاکستان کی راہ ہموار ہوئی۔ قائدِ اعظم اور آپ کے رفقاء نے علامہ اقبال کے خواب کو شرمندۂ تعبیر کرنے کیلئے انتھک جدوجہد کی۔ آج پوری قوم ان کے عزم و ہمت اور قربانیوں کا اعتراف کر رہی ہے۔ قوم نے آزادی سے لے کر اب تک نمایاں کامیابی حاصل کی۔
اپنے پیغام میں صدر آصف علی زرداری نے کہا کہ ہماری مسلح افواج، سول انتظامیہ اور پولیس نے قوم کی سلامتی اور خودمختاری یقینی بنائی۔ پوری قوم جمہوریت، انصاف اور مساوات کیلئے اپنے عزم کا اعادہ کر رہی ہے۔ میں یقین رکھتا ہوں کہ قوم متحدہو کر اپنے راستے میں حائل رکاوٹوں کو عبور کرے گی اور بہتر اور روشن مستقبل کی جانب گامزن ہوگی۔
دریں اثناء قوم کے نام اپنے پیغام میں وزیراعظم شہباز شریف نے کہا کہ 23مارچ قومی تاریخ کے اہم دن کی حیثیت رکھتا ہے۔ 1940 میں اسی روز قراردادِ لاہور کے ذریعے مسلمانانِ ہند نے علیحدہ وطن کا مطالبہ کیا۔ لاکھوں مسلمانوں نے اپنے گھر بار چھوڑے اور پاکستان کی جانب ہجرت کی۔ ہمارے آباواجداد نے ملک کیلئے بے مثال قربانیوں کی تاریخ رقم کی۔
وزیراعظم شہباز شریف نے کہا کہ قیامِ پاکستان کے بعد نئی ریاست کو بے پناہ مشکلات اور چیلنجز کا سامنا تھا۔ سماجی اقتصادی انفراسٹرکچر ، ریاستی اداروں کی تشکیل اور مہاجرین کی آباد کاری جیسے چیلنجز پر قابو پانا ترجیح تھی۔ نئی ریاست کو انتہائی کم وسائل میسر تھے۔ قائدِ اعظم نے اپنی ولولہ انگیز قیادت کے تحت پاکستان جیسی آزاد جمہوری ریاست کی بنیاد رکھی۔
انہوں نے کہا کہ 8فروری 2024 کے انتخابات میں قوم نے اپنے نمائندے منتخب کیے، وفاقی و صوبائی حکومتیں وجود میں آئیں، حکومت پاکستان کو درپیش سنگین چیلنجز سے پوری طرح واقف ہے۔ بے روزگاری، مہنگائی، سرکولر قرض، مالیاتی و تجارتی خسارہ اور دہشت گردی جیسے چیلنجز سے نمٹیں گے۔ ہمیں من حیث القوم غیر معمولی حالات کا سامنا کرنا ہوگا۔
گوگل نیوز پر ہمیں فالو کریں








